۔،۔ زبردستی شادی۔جان سے مار دینے کی دھمکی۔اسپین نیشنل پولیس نے (دو) پاکستانی خا ندانوں کے (چھ) افراد کو گرفتار کر لیا۔ نذر حسین۔،۔
٭اسپین کی نیشنل پولیس نے والینسیا میں دو پاکستانی خاندانوں کے (چھ6) افراد کو گرفتار کیا ہے،جن پر مبینہ طور پر بیٹیوں کی زبردستی شادی کرنے کا الزام ہے،گرفتار افراد کی عمریں (ستائیس سے ساٹھ) سال کے درمیان ہیں ٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/بارسلونا/والینسیا/میڈرڈ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ ہفتے ایک پاکستانی لڑکی کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی کہ اس کے والدین پاکستان میں اس کی زبردستی شادی کرنا چاہتے ہیں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، پولیس نے فوراََ کاروائی کرتے ہوئے لڑکی کی شکایت پر والد اور اس کے بھائی کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے ایک اور کیس میں اسپین کی رہائشی دو بہنوں کی بھی زبردستی پاکستان میں شادی کر دی گئی، شادی کے بعد دونوں لڑکیاں اپنے شوہروں کے ساتھ اسپین والینسیا واپس آ گئیں، دونوں کے شوہروں نے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس پر خواتین گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔ دونوں بہنوں کی شکایت پر باپ اور بھائی کو زبردستی شادی اور دھمکیاں دینے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ شوہروں کو والینسیا اور میڈرڈ سے حراست میں لے لیا گیا۔اس کیس میں جنسی تشدد، عصمت دری اور زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔