0

-,-پاکستان زندہ باد سویڈن کے تحت بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی شاندار تقریب -,-

0Shares

-,-پاکستان زندہ باد سویڈن کے تحت بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی شاندار تقریب -,-

*بچوں کے ملی نغموں اور علاقائی لباس کی نمائش نے سماں باندھ دیا۔ سفیر پاکستان بلال حئی کی سفارت خانہ کے عملہ کے ساتھ شرکت

سٹاک ہوم (عارف کسانہ/ نمائندہ خصوصی) پاکستانی دنیا میں جہاں بھی آباد ہیں وہ 14 اگست کو کبھی نہیں بھولتے اور ہر سال پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش اور بھرپور جذبے سے مناتے ہیں۔ سویڈن میں پاکستان کے جشن آزادی کی تقریب میں بچوں اور نوجوانوں کو شامل کرنے کا قابل قدر کام “پاکستان زندہ باد سویڈن” نے 2016ء سے ”جشن آزادی بچوں کے ساتھ” منعقد کرنے کا باقاعدہ سلسلہ شروع ہوا۔ جناب عمران کھوکھر اس پروگرام کے روح رواں ہیں۔ پاکستان کے جشن آزادی کی سویڈن میں ہونے والی یہ سب سے بڑی تقریب تھی جس میں بچے اور نوجوان ہاتھوں میں سبز ہلالی ہرچم تھامے جوش و خروش سے شریک تھے۔ والدین اور عوام الناس کی ایک بڑی تعداد بچوں کی حوصلہ افزائی اور جشن آزادی منانے کے لئے ہال میں موجود تھی۔ اس پروقار جشن آزادی کی تقریب کی میزبانی اور نظامت بھی بچوں نے کی جن میں عائشہ وقار، رامین طلحہ، وانیا مصطفیٰ اور رامین محمود شامل تھے۔ پاکستان زندہ باد کی ٹیم جن میں عمران کھوکھر، ثوبیہ عمران، ابراہیم حسن، سہیل صفدر، محمد طلحہ، ربیعہ طلحہ، نعمان اشرف اور بلال خالد نے اس پروگرام کے لئے بچوں کی راہنمائی اور تیاری کرائی۔ پروگرام میں شرکت کے لئے جب سب بچے پاکستان کے ملی نغمے گاتے اور جھنڈے لہراتے ہوۓ ہال میں داخل ہوۓ تو منظر دیدنی تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ اس پروگرام کی خصوصیت یہ تھی کہ اسٹیج پر نظامت سے لے کر پرفارمنس تک سب کچھ بچوں نے ہی کیا اور دوسری خصوصیت پابندی وقت تھی، پروگرام عین وقت پر شروع ہوا۔ جو تنظیمیں وقت پر پروگرام شروع نہیں کرتیں، انہیں پاکستان زندہ باد کی ٹیم سے سبق سیکھنا چاہئے کہ بچوں کی موجودگی کے باوجود ٹھیک وقت پر پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروگرام میں بچوں نے پاکستان اور سویڈن کے قوامی ترانے گائے۔ اس مرتبہ پروگرام میں صوبہ خیبر پختون خواہ کو مرکزی اہمیت دی گئی۔ وہاں کی ثقافت، جغرافیہ اور دیگر امور کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی اور چئیرمین ڈاکٹر محمد ثاقب کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی شامل کیا گیا جس میں انہوں نے پروگرام کے میزبانوں کی کوشش کو سراہا کہ وہ سویڈن میں پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں اور بچوں کو پاکستان سے متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ کی ثقافت اور وہاں کے غیور اور مہمان نواز لوگوں کا خصوصیت سے ذکر کیا۔پروگرام میں 65 بچوں نے مختلف سرگرمیوں جن میں ملی نغمے، ذہنی آزمائش، مزاحیہ مشاعرہ، ڈرامے اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ سہیل صفدر کے لکھے ہوئے ڈارمے درخت کہانی، گھر تو آخر اپنا ہے اور مزاحیہ مشاعرہ کو شرکاء نے بہت پسند کیا۔ اس پروقار تقریب میں جب بچے جموں کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، پنجاب اور سندھ کے علاقائی لباس میں اسٹیج پر آئے تو حاضرین محفل نے انہیں بھرپور داد دی۔ سفیر پاکستان جناب بلال حئی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن سیدہ وردہ، ٹریڈ اینڈ کمرشل قونصلر احسن ریاض چوہدری، سہیل صفدر، عمران کھوکھر، ثوبیہ عمران اور رابعہ طلحہ نے پروگرام میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان جناب بلال حئی نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کی ٹیم نے ان کی توقعات سے بڑھ کر ااور شاندار پروگرام منعقد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ سویڈن میں پیدا ہونے والے بچے جو مختلف ثقافتی ماحول میں رہ رہے ہیں، وہ اس طرح کی تقریبات سے پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کے والدین خصوصا ماوں کی ستائش کی کہ جنہوں نے اپنے بچوں کی اس پروگرام کے لئے محنت اور توجہ دی۔ پاکستان زندہ باد ٹیم کے بانی عمران کھوکھر نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر ٹیم کے تمام اراکین، حاضرین اور خصوصاً بچوں کو مبارکباد بھی دی اور شکریہ بھی ادا کیا اور اس عزم کا اظہار بھی کیا مستقبل میں بھی ایسے مزید پروگرام کروائے جائیں گے. آخر میں بچوں کی آئس کریم اور بڑوں کی چائے اور کیک کے ساتھ تواضح کی گئی

                    .

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں