-،-عزیر نے زرداری کے” زروزور”کابھانڈا پھوڑدیا۔رانا بشارت،اقبال سندھو -،-
لندن پاکستان مسلم لیگ (ن)برطانیہ کے سینئر نائب صد ر رانا بشارت علی خاں اورسیکرٹری اطلاعات اقبال سندھو نے کہا ہے کہ عزیربلوچ نے آصف زرداری کے” زروزور”کابھانڈا پھوڑدیا۔عزیربلوچ کاعدالت کے روبرو بیان آصف زرداری کی سیاست پرضرب کاری ہے۔عزیربلوچ کے ہوشرباانکشافات پر آصف علی زرداری کی مسلسل خاموشی غورطلب ہے ۔آصف علی زرداری اپنے معتمدخاص عزیربلوچ کے کسی انکشاف یاالزام کی تردید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیرحسین حقانی کی حالیہ” حقیقت بیانی” کے بعد آصف علی زرداری کی پاکستانیت اورسیاست ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔سندھ کے غیورعوام وطن دشمن عناصر کوووٹ دینے کاتصور بھی نہیں کرسکتے ۔وہ ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ رانا بشارت علی خاں اور اقبال سندھو نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے پنجاب میں ڈیرے ان کی بچی کھچی سیاست کوبھی ڈبودیں گے۔آصف زرداری نے پیسہ توخوب سمیٹ لیا مگر بھٹوخاندان کاسیاسی ورثہ گنوادیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے ووٹ سے زرداریوں اورزورآوروں کی سیاست کے پرخچے اڑادیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی سیاست اورشخصیت سے انکار نہیں مگر آج پیپلزپارٹی کے پاس بھٹوکاکوئی حقیقی وارث نہیں ہے،چور اورٹھگ پاکستان کے باشعور ووٹرز کومتاثر نہیں کرسکتے۔مسلم لیگ (ن) کی انتھک قیادت نے ملک وقوم کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں ،ووٹ تودرکنار لوگ ان پرجان نچھاورکرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سنجیدہ لوگ اس بار بھی مسلم لیگ (ن) کوووٹ دیں گے۔سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخی کامیابی سے وفاق کواستحکام ملے گااورنفاق پسندقوتیں کمزورہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں سندھ کارڈ کی سیاست کاجنازہ اٹھ جائے گا۔باشعور لوگ حسب نسب نہیں بلکہ خدمت کی بنیادپرووٹ دیں گے ۔