-،-پاکستانی قوم کو تعلیم یافتہ وترقی قوم بنانا چاہتے ہیں ‘ یونائیٹڈ وی ریچ -،-
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) دیار مغرب میں تعلیم و تربیت کا وسیع تجربہ رکھنے والے تنظیم ’’یونائیٹڈ وی ریچ ‘‘ کی طلبہ کی بہترین ٹیبلو پرفارمنس ‘ سریلی موسیقی اور لذیذ طعام سے سجی گرینڈ گالا تقریب قلعہ حضوری باغ لاہور میں ہوئی جس میں علمی و ادبی شخصیات کے علاوہ سیاستدانوں ‘ صحافیوں ‘ بیوروکریٹس ‘ غیر ملکی مندوبین ‘ سفارتکاروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اہل فکر ودانش نے شرکت کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف تھے جو ناگزیر وجوہات کی بناء پر بروقت نہ پہنچ پائے تو پنجاب حکومت کی نمائندگی صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کی جبکہ دیگر مہمانوں کے درمیان الطاف حسین قریشی ‘ کامران الطاف ‘ خاتون صحافی دردانہ ناز ‘ ڈاکٹر عمرانہ مشتاق ‘ حکیم عثمان ‘ شاعرہ عائشہ مسعوداور جیو ٹی وی کے پروگرام سفیر پاکستان کے ڈائریکٹر پروڈیوسر وقار علی خان بھی امریکہ سے پاکستان پہنچ کر تقریب میں شریک ہوئے اور اپنی نگرانی میں تقریب کی کوریج کرائی ۔ عمیر رانا نے تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ نوید شیروانی ‘ صباحت رفیق اور طلحہ زبیر مہمانوں کا استقبال کرتے دکھائی دیئے ۔ تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے’’یونائیٹڈ وی ریچ ‘‘ کے بانی نوید شیروانی اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر صباحت رفیق نے کہا کہ تعلیم کو صحرا کو نخلستان بنانے کا ہنر سکھاتی ہے اور جدید علم کم فہمی اور تعصب کے اندھیروں کو دور کرکے امن ‘ ترقی اور خوشحالی کی منزل کی راہ دکھاتا ہے اور ’’یونائیٹڈ وی ریچ ‘‘ پاکستان سے اندھیرے دور کرکے اسے نور علم سے منور کرنے کا فریضہ انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ’’یونائیٹڈ وی ریچ‘‘ پاکستانی قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نہ صرف اسکولوں کو گود لیکر ان میں جدید و پر اثر طریقہ تدریس رائج کرکے پاکستانی قوم کو معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے بلکہ اساتذہ کی تربیت کے ذریعے انہیں جدید عہد کے ابلاغی ہتھیاروں سے مسلح کرنے اور تعلیم کو جدید‘ مفید اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیساتھ ہر بچے کے حصول علم کے ارمان کو پورا کرنے کی جدوجہد بھی کررہی ہے جس کیلئے یتیم و بے سہارا بچوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے !

Photo-- UWR (15-03-2017) Photo UWR