-،-سولنگی برادری نے یکجا و متحد ہوکر انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے ‘ سولنگی اتحاد-،-
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی کی سربراہی و صدارت میں ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی کے اجلاس میں پاکستان سولنگی اتحاد کی مرکزی قیادت کے علاوہ گلگت بلتستان و آزاد جموں و کشمیر سمیت سندھ ‘ پنجاب ‘ سرحد اور بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر ‘ صدور اور سیکریٹریز نے شرکت کی اور اپنی اپنی کارکردگی ‘ مسائل ‘ تحفظات اور ضروریات سے مرکزی قیادت کو آگاہ کیا ۔ مرکزی قیادت نے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں دیکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے صوبائی کابینہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیساتھ ممبر سازی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اس موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وبزرگ رہنما امیر سولنگی نے کہا کہ اللہ کا بڑا احسان ہے کہ سولنگی قوم عصری تقاضوں اور وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنے مسائل کے حل ‘حقوق کے حصول اور استحصالیوں و ظالموں سے نجات کیلئے متحدہوچکی ہے اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کے اس اتحاد کو درست سمت دیتے ہوئے قوم کو مسائل سے پاک محفوظ مستقبل کی منزل تک پہنچانے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ذمہ داری و دیانتداری سے ادا کریں اور مجھے خوشی ہے کہ پاکستان سولنگی اتحاد سے وابستہ ہر فرد اپنا کردار انتہائی دیانتداری اور فرض شناسی سے ادا کرتے ہوئے ایک ایسے انقلاب کی بنیاد رکھ رہا ہے جو انشاء اللہ سولنگی قوم پاکستان کی سب سے مضبوط ‘ مقتدر اور با اختیار قوم بنائے گا !