-،-سیاست کے گدھ عوام کو نوچ نوچ کر کھارہے ہیں ‘ راجونی اتحاد -،-
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) توانائی بحران کے نام پر اقتدار پانے والے اپنے تمام تر دعووں کے باوجود اپنے انتخابی نعروں اور وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے توانائی بحران بد ترین صورتحال اختیار کرچکا ہے اور عوام طویل دورانیہ کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنے پر مجبور ہیں ۔ پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘پاکستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر نواز ملاح ‘ این جی پی ایف چیئرمین عمران چنگیزی‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ اشتیاق ارائیں ‘ اقبال ٹائیگر مارواڑی‘ یونس سایانی‘ امیر علی خواجہ‘یحییٰ خانجی تنولی ‘ اقبال چاند‘فیض محمد لغاری ‘نواز ملاح ‘ محبوب خان اچکزئی ‘حق نواز ربوانی ‘سونہار وریام بلوچ ‘ خان محمد جوکھیو ‘ احمد علی جتوئی ‘ اسماعیل لاکھا‘غلام نبی چانڈیو ‘غلام محمد ڈاہری ‘ اقبال ہنگورو ‘ عبدالرزاق لاکھانی ‘داؤد ابراہیم و دیگرنے کہا ہے کہ طویل دورانیہ کی اس لوڈ شیڈنگ سے صرف معیشت ‘ صنعت اور تجارت کی تباہی ہی نہیں ہورہی ہے بلکہ لوڈ شیڈنگ عوام کیلئے جسمانی ‘ ذہنی ‘ اعصابی اور روحانی اذیت کا باعث بن کر نفسیاتی عوارض اور سماجی مسائل میں بھی اضافہ کررہی ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں روز افزوں اضافہ اور زائد بلنگ کی شکایات کا انبار بھی اس بات کو ثابت کررہا ہے کہ استحصالی طبقات پر مشتمل کسی بھی سیاسی جماعت کی حکمرانی پاکستان و عوام کیلئے کسی بھی طور سودمند نہیں ہوسکتی اسلئے عوام کو محفوظ ‘ مطمئن اور خوشحال مستقبل کیلئے حکمرانی کا موقع دیئے جانے کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے والے تمام ناکام سیاستدانوں ‘ حکمرانوں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں سے نجات کیلئے اپنی برادری کے غریب مگر دیانتدار و مخلص نمائندوں کو انتخابات میں کامیاب بناکر ایوان اقتدار میں پہنچانا ہوگا وگرنہ عوام کی کھال نوچنے والے سیاست کے بوڑھے گدھ اس کی ہڈیوں کا گودہ تک نوچ کھائیں گے۔