-،-ملک وقوم دشمن جلد بھیانک و عبرتناک انجام سے دوچار ہونگے ‘سولنگی اتحاد-،-
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر علی سولنگی نے سولنگی عمائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سولنگی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولنگی برادری نے استحصالی نظام سیاست و حکومت کیخلاف اور عوامی حقوق کیلئے متحدو مجتہد ہوکر قوم کی رہنمائی کیلئے جو شمع جلائی تھی اس کی روشنی چہار سو پھیلنے لگی ہے اور پاکستان میں بسنے والی دیگر کمزور ‘ مظلوم اور حقوق سے محروم برادریاں بھی سولنگی برادری کی طرح استحصالی نظام کیخلاف متحد و یکجا ہونے لگی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انقلاب نزدیک اور جلد ظلم ‘ استحصال و جبر کیخلاف اعلان بغاوت ہونے والا ہے ۔ امیر سولنگی مزید کہا کہ استحصالی طبقات نے اقتدار ‘ دولت اور اسلحہ کی طاقت سے عرصہ دراز سے اپنا یرغمال بنایا ہوا تھا اور غنڈوں کی فوج کے ذریعے عوام کے حق انتخاب کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کرنے والوں نے کبھی بھی عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کو ترجیح نہیں دی بلکہ ہمیشہ ذاتی مفادات کیلئے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا مگر اب قوم ان دشمنوں کیخلاف متحدویکجا ہورہی ہے اور ان کا عبرتناک انجام بہت نزدیک ہے جس کا سہرا تاریخ میں ہمیشہ سولنگی برادری کے سر لکھا جائے گا کیونکہ سولنگی برادری کے اتحاد اور حق کی آواز اٹھانے کی جرأت نے ہی دیگر قومیتوں اورت برادریوں کو عزم وحوصلہ ہی نہیں بخشا بلکہ نشان منزل بھی بتایا جس کیلئے پوری پاکستان قوم انقلاب کے بعد انشاء اللہ سولنگی قوم کے مشکور ہوگی ۔