-،-دہشتگردی کی طرح کرپشن بھی ملک و قوم کی بدترین دشمن ہے‘ جی کیوایم-،-
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کی بدحالی اور عوام کی ہر پریشانی کی وجہ مقتدر طبقات کی وہ کرپشن ہے جس کی وجہ سے آج وطن عزیز توانائی بحران سے ہی نہیں بلکہ صفائی کے فقدان ‘ سیوریج کی تباہی ‘ سڑکوں کی بربادی ‘حادثات ‘ ناانصافی ‘ استحصال ‘ بیروزگاری ‘ غربت ‘ جہالت اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے ساتھ ملاوٹ ‘ جعلی ادویات اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کا باعث بنی ہوئی ہے اسلئے انصاف و تحفظ کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر کرپشن کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے کرپشن جیسے مکروہ و قبیح جرم میں ملوث ہر فرد کو بلا تخصیص و تفریق حفظ و مراتب کیفر کردار تک پہنچاکر دوسروں کیلئے نشان عبرت بنانا چاہئے ۔ گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کرپشن کو پاکستان و عوام کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کیخلاف ایکشن کا آغاز حکومت ‘ پارلیمنٹ ‘ عدلیہ ‘ فوج ‘ نیب ‘ پولیس اور دیگر تمام اداروں کے سربراہان سے ہونا چاہئے اور پھر اس کا دائرہ کاربتدریج سے بالائی سے نچلی سطح تک پھیلاتے ہوئے ہرفرد کو بلا تفریق احتساب کے شکنجہ میں لایا جائے تاکہ پاکستان اور عوام کا مستقبل محفوظ ہوسکے بصورت دیگر کرپشن پاکستان کے مستقبل کیلئے بھارتی سازشوں اور ’’را‘‘ سے زیادہ خطرناک ہے ۔