-،-نوازشریف کاشورچوری اورسینہ زور ی کے مصداق ہے۔مدبربخاری-،-

پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے ممتاز رہنما سیّدمدبربخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف کاشورچوری اورسینہ زور ی کے مصداق ہے۔حکمران خاندان کالندن میں بڑے پیمانے پرکاروبار ان کے بدعنوان ہونے کانشان ہے ۔نوازشریف کے سخت جملے بھی عدلیہ پرحملے کے زمرے میں آتے ہیں۔کوئی عدالت سے نااہل فردواحد ریاست اورجمہوریت کیلئے ناگزیر نہیں ہوسکتا ۔نوازشریف کے حامی سیاسی طورپر گناہ بے لذت کے مرتکب ہورہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں سیّدمدبربخاری نے مزید کہا کہ ملک میں بدامنی ،بدترین بیڈگورننس شخصی فیصلوں اور بدانتظامی کاشاخسانہ ہے۔اگرشفاف انتخاب کوسخت احتساب قراردیاجائے توبیجا نہ ہوگا،انتخابات کابروقت انعقادیقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ ووٹرزقومی لٹیروں کومستردکرنے میں پوری طرح آزاداوربااختیار ہیں ۔اگر قومی سیاسی قیادت کوان کاآزادانہ سیاسی کرداراداکرنے دیاجائے تواس سے پاکستان میں سیاسی ومعاشی استحکام آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی جیبیں بھرنے کیلئے عوام پرمہنگائی کے ہنٹربرساناشروع کردیے ۔موسم سرما میں بجلی کی قلت اوراس کی قیمت میں مسلسل اضافہ صارفین سے ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیم مردہ عوام کیلئے بجلی اورپٹرول بم کاحالیہ جھٹکاناقابل برداشت ہے ۔عوام پران کی قوت برداشت سے بہت زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں کھیلتے ہوئے اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پرقوم کی قسمت کے فیصلے کررہے ہیں۔جس دن عوام کاپیمانہ صبر لبریزہوگیا اس دن تبدیلی کاسیلاب ہوس پرست حکمرانوں کوبہالے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص ترجیحات نے قومی معیشت کومفلوج کردیا ۔حکمرانوں پرمیٹروبس کابھوت سوار ہے ،تعلیم اورصحت سمیت مختلف شعبہ جات کے فنڈز میٹروبس اوررنگ روڈ پرصرف کرنا قومی المیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ضروریات اورصحت کی جدیدسہولیات پرسمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا ۔ ادارے اپناآئینی کام کررہے ہیں، اسلئے عوام کواپنے بنیادی حقوق کیلئے خوداٹھناہوگا۔