-،-نااہل حکمران عام آدمی سے انتقام لے رہے ہیں۔ الطاف شاہد-،-
پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ نااہل حکمران عام آدمی سے انتقام لے رہے ہیں۔پی ایس پی کے بانی ومرکزی چیئرمین مصطفی کمال زرپرست حکمرانوں کوعوام کے جذبات واحساسات پرشب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو بائیس کروڑپاکستانیوں کوان کے حال پرچھوڑکرنوازشریف کواحتساب سے بچانے میں زیادہ دلچسپی ہے۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی قومی اداروں کی عملداری کے حق میں اپناآئینی کرداراداکرنے کی بجائے شریف خاندان کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔حکومت کی ناقص معاشی منصوبہ بندی نے تعمیرو ترقی کاراستہ بندکردیا۔حکمرانوں نے تعلیم اورصحت کے شعبہ جات کابیڑاغرق اوراورنج ٹرین سے غیرضروری منصوبوں کی تکمیل کیلئے ملک وقوم کومقروض کردیا۔وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چودھری محمد الطاف شاہدنے مزید کہا کہ عوام کے کندھوں پرمسائل کابوجھ ان کی قوت برداشت سے بہت زیادہ ہے۔ حکمرانوں نے یقیناًعوام کوریلیف نہ دینے کی قسم اٹھائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی مجرمانہ نااہلی اورملی بھگت سے مہنگائی کابھوت عوام کوچمٹ گیا ۔لوگ احساس محرومی کاشورمچارہے ہیں مگرارباب اقتدارمیں سے کوئی ان کی اشک شوئی کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاماہانہ بنیادوں پرپٹرول بم گرانابدترین ظلم ہے،عوام کی قوت برداشت کا مزیدامتحان نہ لیا جائے۔وفاقی حکومت فوری طورپرپٹرول اورڈیزل کی قیمت میں ہوشربااضافہ واپس لے اورپاکستانیوں کوخاطرخواہ ریلیف دے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کواپنے حقوق اورجائز مطالبات کیلئے شاہراہوں پرآنے اورشدیداحتجاج کرنے پرمجبورنہ کرے ۔پی ایس پی کے قائدین اورکارکنان اپنے ہم وطنوں کوکسی مافیا کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے پرچم تلے مہنگائی کیخلاف ہرفورم پرشدیداحتجاج کیاجائے گا۔