۔،۔اللہ نے عورت کو ہر روپ میں مر دکیلئے نعمت بنایا ہے‘ جی کیو ایم۔،۔
عورت کو حقوق سے محروم رکھ کر مرد اس نعمت کی ناقدری ہی نہیں بلکہ قومی ترقی کو بھی محدود کررہا ہے !
حصول حق واختیار کیلئے عورت کو سیاسی میدان میں آگے آنا اور ایوان میں نمائندگی کو یقینی بنانا ہوگا!

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )اللہ نے عورت کے ہر روپ کو مرد کیلئے نعمت بنایا ہے کیونکہ عورت چاہے ماں ہو ‘ بہن ہو ‘ بیوی ہو یا بیٹی ہر روپ میں مرد کی خدمت کرتی ہے ‘ اس کی ترقی و کامیابی کیلئے دعا کرتی اور ان دعاؤں کی قبولیت کیلئے پوری محبت و خلوص سے اپنا ذمہ دارانہ کردار بھی ادا کرتی ہے مگر افسوس کہ حرص و ہوس ‘ فرسودہ رواج و رسومات اور جاہلانہ عقائد کے باعث آج کے جدید معاشرے میں بھی عورت کو اس کا جائز مقام ومرتبہ حاصل نہیں ہے اور نہ صرف ہر سطح پر اس کا استحصال ہورہا ہے بلکہ گھریلو ‘ سماجی ‘ معاشی ‘ ثقافتی اور سیاسی سطح پر عورت اور اس کی محرومیوں کو اپنے مفادات کیلئے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ استحصال ‘ ظلم ‘ زیادتی سے نجات اور اپنے حقوق و اختیارات کے حصول و تحفظ کیلئے عورت کو خود آگے آنا ہوگا اور ایوان اقتدار و اختیار میں اپنی نمائندگی کو یقینی بنانا ہوگا جبکہ ووٹ کا حق رکھنے والی قوم کی ہر ماں ‘ بہن اور بیٹی پر لازم ہے کہ وہ انتخابات میں اپنا ووٹ ضرور ڈالیں اور ان لوگوں کو منتخب کریں جن پر انہیں اس بات کا اعتماد و یقین ہو کہ وہ ملک و قوم سے مخلص ہیں اور صنفی امتیاز پر یقین نہیں رکھتے!