-،-مفاد پرست طبقہ ملک میں خانہ جنگی کراناچاہتا ہے ‘ جی کیو ایم -،-
عوام کو عدلیہ سے الجھا کر فوج اور عوام میں ٹکراؤ پیدا کرانے کی سازش ہورہی ہے ‘ عرفان سولنگی
تبدیلی و انقلاب سے بچنے کیلئے عوام دشمن عناصر جمہوریت کی قربانی کیلئے تیار ہیں ‘ طارق صدیقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا ‘ وائس چیئرمین محمد طارق صدیقی اور خاتون رہنما ارم رحیم عبداللہ نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم نواز شریف کی یہ بات برحق ہے کہ ’’ملک میں مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے جس میں نامی گرامی سیاستدان ملوث ہیں‘‘ ۔ گجراتی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ سیاسی تناظر میں نامی گرامی سیاستدانوں میں اولیت و فوقیت نواز شریف ‘ آصف علی زرداری ‘عمران خان ‘ مولانا فضل الرحمن ‘ محمود خان اچکزئی کو حاصل ہے اورحیثیت مریم نواز ‘ بلاول بھٹو ‘ شہباشریف ‘ شیخ رشید ‘ چوہدری نثار ‘ خواجہ آصف ‘ خواجہ سعد رفیق جیسے سیاستدانوں کو حاصل ہے جبکہ عوام بہر طور اس بات سے واقف ہے کہ استحصالی طبقہ نے کبھی بھی عوام سے محب وطن ‘ عوام دوست ‘ مخلص اور اقتدار واختیار کی بجائے پاکستان ‘ جمہوریت اور عوام سے محبت کرنے والے کسی سیاستدان کو نامی گرامی سیاستدانوں کی صف اول و دوئم تک نہیں پہنچنے دیا یہی وجہ ہے قومی وسائل پر قابض ‘ ملکی اثاثوں کی فروخت ‘ قومی خزانے‘ قومی اداروں کی تباہی ‘ کرپشن و کمیشن کے ذریعے قوم کو مقروض بنانے ‘ ملک کو گروی رکھنے اور عوام پر مظالم ڈھانے والی استحصال مافیاملک میں تبدیلی و انقلاب سے خوفزدہ ہے اور نہیں چاہتی کہ اس ملک میں مساوات ‘ عدل اور انصاف کا اسلامی نظام آئے اوراختیار و اقتداراس طبقہ کے ہاتھ سے جائے اسی لئے فوج کے بعد اب عدلیہ کیخلاف بھی منظم مہم چلائی جارہی ہے اور چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس دائر کرکے جمہوریت کے نام پر جمہوریت ہی کی بساط لپیٹنے ‘ عوام کو عدلیہ سے الجھا کر فوج اور عوام میں ٹکراؤ پیدا کرانے اور ملک میں خانہ جنگی و غدر پھیلانے کی کو شش کی جارہی ہے !