-،-کشمیری بچی سے زیادتی کرنے والوں کو سنگسار کیا جائے ‘ جی کیو ایم -،-
سماج میں ہونیوالے ہر ظلم و زیادتی کے ذمہ دار جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والے حکمران ہیں!
سماج دشمن روایتی سیاسی جماعتوں سے پیچھا چھڑائے بغیر ہمارے بچے محفوظ نہیں ہونگے ‘ عرفان سولنگی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین عرفان سولنگی‘ وائس چیئرمین طارق صدیقی ‘ رہنما خواتین ونگ ارم رحیم عبداللہ و دیگر نے کشمیر میں 8سالہ معصوم بچی آصفہ بانوکواغواء کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کی سنگساری کا مطالبہ کرتے ہوئے بچی کے اغواء‘ آبرو ریزی اور قتل کے واقعہ پر شدید رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی زینب ہو ‘ کشمیر کی آصفہ ہو یا بھارت کی نند کشور ان سب کے ساتھ ظلم ‘ زیادتی اور ان کے قتل کے ذمہ دار حکمران ہیں جو اپنے مفادات کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے اور انصاف واحتساب کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں اسلئے جب تک کسی بھی علاقہ میں ہونے والی زیادتی کیلئے اس علاقہ کے تھانیدار ‘ کونسلر ‘ ممبر صوبائی اسمبلی ‘ ممبر قومی اسمبلی اور حکمران طبقہ کو اس ک ذمہ دار و واجب ٹہراکر ان کیخلاف تادیبی کاروائی نہیں کی جائے گی اس قسم کے واقعات کا تدارک ممکن نہیں ہوسکے گا کیونکہ دنیا کا کوئی جرم حکومتی ‘ سرکاری ‘ سیاسی سرپرستی یا بالادست و مقتدر طبقات کی شہہ و آشیر بادکے بغیر نہیں ہوتا اسلئے جب تک عوام جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی سرپرستی کرنے والی روایتی سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے پیچھا نہیں چھڑائیں گے اس وقت تک ظلم ‘ زیادتی ‘ استحصال ‘بد امنی ‘ دہشتگردی ‘ بھتہ خوری ‘ پولیس گردی ان کا پیچھا نہیں چھوڑے گی اور نہ تو انہیں ٹینکر مافیا ‘ بھتہ مافیا ‘ سٹہ مافیا ‘ ہیلتھ مافیا ‘ پارکنگ مافیا ‘ ٹرانسپورٹ مافیا سے نجات ملے گی نہ پانی ‘ بجلی و گیس کے مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی تعلیم ‘ صحت ‘ روزگار‘ ٹرانسپورٹ اور رہائشی و زندگی گزارنے کی بنیادی سہولیات انہیں حاصل ہوسکیں گی !