-،-تنظیم المدارس پاکستان کے تحت اس سال ایک لاکھ بیالیس ہزار چار سو انتالیس طلبہ وطالبات امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں، اڑھائی ہزار امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔،-
لاہور ؍ گجرات ؍ اسلام آباد: ( پریس ریلیز 14اپریل 2018) مدارسہ دینیہ کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ امتحانی بورڈ تنظیم المدارس پاکستان کے تحت اس سال ایک لاکھ بیالیس ہزار چار سو انتالیس طلبہ وطالبات امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم المدارس پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پیر مفتی عثمان افضل قادری نے درس نظامی امتحانی سنٹر جامعہ قادریہ عالمیہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کیلئے ملک بھر میں اڑھائی ہزار امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اور سات ہزار کے قریب اساتذہ ومعلمات بطور نگران عملہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال امتحانی بورڈ تنظیم المدارس پاکستان میں بیس ہزار سے زائد طلبہ وطالبات کا اضافہ ہوا ہے۔ پیر مفتی عثمان افضل قادری نے کہا کہ پاکستانی دینی مدارس کے پانچ بورڈوں میں سے تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کیساتھ دس ہزار سے زائد مدارس ملحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الشہادۃ العالمیہ فی العلوم العربیہ والاسلامیہ کے سال دوم میں فضلا سے عصری علوم کی یونیورسٹیوں کی طرز پر باقاعدہ تحقیقی مقالہ لکھوایا جارہا ہے، جس کی تیار ی فوقانی اداروں کے سینئر اساتذہ کی نگرانی میں کرائی جاتی ہے جبکہ درس نظامی کے ممتاز پوزیشن ہولڈرز کو دو سال میں تخصص کرایا جا رہا ہے جس کو ایم فل اور پی ایچ ڈی طرز پر تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ! تنظیم المدارس کے فضلا اندرون وبیرون ملک اور پرائیویٹ وگورنمنٹ کے تعلیمی ،انتظامی ودیگر شعبوں میں اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

Pir Mufti Usman Afzal Qadri