-،-صحافیوں کی سہولت کیلئے پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے شکایات سیل قائم کر دیا ہے-،-

     شان پاکستان لاہور۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر کے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی سہولت کیلئے پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے شکایات سیل قائم کر دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جیو نیوز، بول نیوز، نوائے وقت گروپ، خبریں ، چینل 5 , کیپیٹل ٹی وی، رائل ٹی وی ، ڈیلی ٹائمز، بزنس پلس، سیون نیوز سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز کو حکم کر رکھا ہے کہ14 جون جمعرات تک تمام ملازمین کی تنخواہیں ادا کریں خواہ کسی سے ادہار لیں یاکوئی جائیداد فروخت کریں۔ چیف جسٹس نے یہ حکم بھی جاری کر رکھا ہے کہ جمعرات تک تمام واجب الادا تنخواہیں ادا نہ کرنے والے مالکان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے انہیں عید کے روز بھی عدالت لگانا پڑی تو لاہور میں لگائیں گے اور تنخواہیں ادا نہ کرنے والے مالکان کو عید بھی عدالت میں گزارنی پڑے گی۔ تمام یوجیز اور میڈیا ورکرز سے گزارش ہے کے جو میڈیا ہاؤسز 14 جون جمعرات تک واجبات ادا نہ کریں ان کے متعلق پی یو جے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری فیصل درانی یا شکایات سیل کے کسی بھی رکن کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ چیف جسٹس کے نوٹس میں حقائق لائے جا سکیں۔ سپریم کورٹ نے مالی بحران کے نام پر چھانٹیوں او برطرفیوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے اگر کسی چینل یا اخبار نے ملازمین کو فارغ کیا ہے تو اس کے بارے بھی پی یو جے کی قیادت کو آگاہ کریں تاکہ ان مالکان کیخلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔