-،-ناقص حکمت عملی مون سون کو عوام کیلئے عذاب بنادے گی ‘ جی کیوایم-،-
افواج پاکستان کا دفاعی اور حفاظتی ہی نہیں بلکہ خدماتی کردار بھی ہمیشہ مثالی رہا ہے‘ عرفان پٹی
مون کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کیساتھ فوج کی خدمات مستعار لی جائیں!

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے دفاع اور عوام کے تحفظ سے لیکر دہشتگردی کے خاتمہ اور قدرتی آفات میں بھی فوج کا کردار ہمیشہ مثالی و قابل توصیف رہا ہے۔ افواج پاکستان نے زمانہ جنگ اور امن دونوں میں ہی اپنی فرض شناسی ‘ مستعدی ‘ دیانتداری ‘ جانثاری اور خدمات کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ یہ ادارہ ملک و قوم سے مخلص و وفادار ہی نہیں بلکہ محفوظ ‘ پر امن اور خوشحال و ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت بھی ہے ۔گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین عرفان پٹی والا ‘ سینئر وائس چیئرمین طارق صدیقی ‘ رہنما شعبہ خواتین ارم رحیم عبداللہ اور انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی نے راولپنڈی میں دریائے سوال کے مقام پر اچانک پانی کی سطح بلند ہوجانے سے بیچ منجدھار پھنس جانے والی خاتون اور لڑکیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے پاک فوج کی جانب سے کئے جانے والے ہیلی کاپٹر آپریشن کی کامیابی پر فوج اور قوم دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے کیونکہ افواج پاکستان نے ہر موقع و مقام پر عوام پاکستان کے تحفظ کا فریضہ ذمہ داری سے نبھایا ہے ۔ اس موقع پر عرفان پٹی والا نے کہا کہ یہ مون سون کا موسم ہے جس میں برساتیں ہوتی ہیں اور برساتوں کے باعث ندی ‘ نالوں و دریاؤں میں طغیانی کیساتھ سیلابوں کا بھی خطرہ رہتا ہے جس سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کی ضرورت ہے اسلئے پانی سر سے اونچا ہونے کے بعد بند باندھنے کی سیاسی و حکومتی روایت دہرانے کی بجائے اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں افواج پاکستان کی خدمات مستعار لی جائیں تو یقیناًہم وطن عزیز کے غریب عوام کو حادثات ‘سانحات‘ انسانی جانوں و مالی نقصانات سے محفوظ بناسکتے ہیں!