۔،۔ 14اگست یقیناََ پاکستانی عوام کو شاندار جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔،۔

شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ۔ خطیب ادارہ پاک دارالسلام محمد صدیق نے تلاوت قرآن پاک سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب کا آغاز کیا، تلاوت قرآن پاک کے بعد قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ کے قونصل جنرل ندیم احمد نے پاکستانی ترانہ کی دھن میں سبر ہلالی پرچم فرینکفرٹ کی فضاء میں بلند فرمایا ، تالیوں کی گونج میں پرچم ہوا کی دوش پر لہراے لگا ،قونصل جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ جرمنی ندیم احمد نے صدر پاکستان ممنون حسین اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو پیغام سنایا جس میں انہوں نے اہل وطن کو ۷۲ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی، ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے جوش و جذبہ کو تازہ دم کر کے ان میں نئی توانائی بھر دیتا ہے اور ہم ایک نئے عزم سے وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں اس دن اپنے وطن عزیز کی خدمت کی امنگیں توانا ہو جاتی ہیں اور اپنے وطن کے سبز ہلالی پرچم کو مزید بلند کرنے کی لگن پہلے سے بڑھ جاتی ہے اس اعتبار سے جشن آزادی کا دن حقیقی جشن کا دن ہے۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی پناہگاہ اور اللہ کی نعمت ہے،صدر ممنون نے اپنے پیغام میں کہا کہ عظمت رفتہ کے حصول اور مادرِ وطن کو ترقی کی معراج تک پہنچانے کا خواب اُس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک قومی مقاصد کے بارے میں مکمل یکسوئی پیدا نہیں ہو جاتی،وزیر اعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ ۔آئیئے ہم آج کا دن قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے وقف کر دیں،ہمیں یہ جائزہ لینا چاہیئے کہ ہم نے کس حد تک اُن کے حصول میں کامیابی حاصل کی،بلاشبہ ملک پاکستان کو اللہ تعالی نے خوبصورتی اور ہر نعمت سے نوازا ہے ،پاکستان میں بسنے والے با صلاحیت نوجوان وہ عوامل ہیں جو ہمیں اپنی منزل کو حاصل کرنے اور ایک کامیاب قوم بنانے میں معاون ہیں ،آئیئے ہم عہد کریں کہ ہم قائد کے پاکستان کی تعمیر کریں گے ان کے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اندرونی اور بیرونی خطرات سے ملک کو محفوظ رکھا، صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے پیغام پر قونصلیٹ کے احاطہ میں موجود محب وطن پاکستانیوں کے نعروں سے فضاگونج اُٹھی، اس خوشی کے موقع پر نہ صرف فرینکفرٹ بلکہ جرمنی کے دور دراز علاقوں سے محب وطن پاکستانیوں نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی ،اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ ندیم احمد نے اور سیز پاکستانی اور خصوصاََ جرمنی میں بسنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ بسلسلہ ڈیمز Damزیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں تا کہ جلد سے جلد پاکستان میں ڈیمز بنائے جا سکیں۔تقریب میں پاکستانی خواتین اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو بھی ساتھ لائیں تھیں ، قونصل جنرل ندیم احمد ، ڈپٹی قونصلر اشہر شہزاد اور فواد انور بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹر (بی۔پی۔ایس) نے مہمانوں سے باری باری مصافحہ کیا ، پاکستان جرمن پریس کلب کے تمام افراد نے تقریب میں حصّہ لے کر پوری کوریج کی جن میں خصوصی طور پر ، سلیم پرویز بٹ،شجاع زیدی، شبیر احمد کھوکھر ، منور علی شاہد ،عرفان خان نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر محمد صدیق خطیب پاک دارالسلام نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے دعا فرمائی خصوصاََ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لئے دعا فرمائی ، ہمیشہ کی طرح تقریب میں شریک تمام شرکاء کو پر تکلف لنچ پیش کیا گیا ۔
