-،-تجدید استحکام پاکستان ریلی ‘ شرکاء کی مزار قائد پر حاضری و فاتحہ خوانی ‘ قائدین کا شرکاء سے خطاب-،-
قومی اتحاد و یگانگت پاکستان و عوام کی اولین ضرورت ہے‘ جی کیوایم
اختیار واقتدار پرست قوم کو گروہوں میں بانٹ کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچارہے ہیں ‘ عرفان پٹی
نفاق پھیلانے والوں کو مسترد کرکے یکجہتی برقرار رکھی جائے ‘ اقبال چاند ‘ خانجی تنولی ‘ یونس سایانی

کراچی (ا سٹاف رپورٹر ) یوم آزادی کے موقع پر گجراتی قومی موومنٹ ‘ سول ڈیفنس ساؤتھ ‘ پاکستان ہزارہ قومی اتحاد‘ سایانی ویلفیئر ایسوسی ایشن اور دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں کی جانب سے ’’تجدید استحکام پاکستان ‘‘ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین گجراتی قومی موومنٹ گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا ‘ ڈویژنل وارڈن ‘ سول ڈیفنس ساؤتھ اقبال چاند ‘ رہنما پاکستان ہزارہ قومی اتحاد یحییٰ خانجی تنولی ‘ چیئرمین سایانی ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد یونس سایانی و دیگر نے جبکہ سول ڈیفنس ساؤتھ کے رضاکاروں ‘گجراتی قومی موومنٹ ‘ پاکستان ہزارہ قومی اتحاد ‘ سایانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں و کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کا آغاز گجرات ہاؤس تین ہٹی سے ہوا جو گرومندر سے ہوتی ہوئی مزار قائد پر پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء نے مزارقائد پر حاضری و سلامی دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ مزار قائد پر حاضری و فاتحہ خوانی کے بعد شرکائے ریلی اور مزار قائد پر موجود عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عرفان سولنگی پٹی والا ‘ اقبال چاند ‘ یحییٰ خانجی تنولی ‘ یونس سایانی و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اقتدار و اختیار پرستوں نے سیاسی مفادات کیلئے پاکستانی قوم کو مسلک ‘ مذہب ‘ صوبہ ‘ ذات ‘ زبان اور جماعت کی تفریق کے ذریعے چھوٹے چھوٹے گروہوں میں بانٹ کر اتحاد و اخوت سے محروم کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور عوام کمزور ہورہے ہیں جو ہمارے آزاد تشخص کیلئے انتہائی خطرناک ہے اسلئے قومی اتحاد و یگانگت پاکستان و عوام کی اولین ضرورت ہے اور جو قوت ‘ قیادت اور افراد اپنے مفادات کیلئے عوام میں انتشار و نفاق پیدا کررہے ہیں وہ ملک و قوم کے دشمن ہیں اسلئے آج کا دن اس عہد کا متقاضی ہے کہ جس طرح قوم نے کرپٹ ‘ استحصالی اور ظالم قیادتوں و قوتوں کو انتخابات میں مسترد کیا ہے اسی طرح قوم انتشار پیدا کرنے ‘ نفاق پھیلانے اور پاکستان کو عدم استحکام کی راہ پر ڈالنے والے ہر فرد و قوت کو مسترد کردیگی اور استحکام پاکستان کیلئے ہمیشہ متحدو منظم رہے گی !