-،- اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب آنے والے نہتے فلسطینی باشندوں پر گولیاں برسائیں6 شہید-،-

                     شان پاکستان                                                  فلسطین-    فلسطینی عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی باشندوں کی جانب سے ہر جمعے کو غزہ کی سرحد پر احتجاج کا سلسلہ اس جمعہ بھی جاری رہا جس میں فلسطینی باشندوں نے اپنے حقوق کی خاطر ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب آنے والے نہتے فلسطینی باشندوں پر گولیاں برسائیں جس کے باعث 6 معصوم فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطین نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل فوج نے بہت بڑی تعداد میں ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے فلسطین کے حقوق سلب کرتے ہوئے تل ابیب کے بجائے مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دیا ہے جس پر امریکا نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیا ہے۔ اس وقت سے فلسطینی باشندوں کے احتجاج میں شدت آگئی ہے اور مظاہرین کی جانب سے غزہ کی سرحد پر ہر جمعے کو احتجاج کیا جاتا ہے۔