۔،۔ چوہدری وقار احمد کے گھر روسلز ہائیم میں محفل میلاد مصطفی کا خوبصورت اہتمام۔،۔

                                                                     نذر حسین شان پاکستان جرمنی روسلز ہائیم۔ ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی میلاد مصطفی کی محفلیں سجنی شروع ہو جاتی ہیں الحمد للہ ، کسی نے کیا خوب کہا کیا شور قیامت ہے ،حوران خلد کو کیا ہوا ، گلاب و یاسمین کے جان وتن میں کس کے حسد و رشک سے آگ لگ گئی ہے، دریاوں اور چشموں کی بل کھاتی روانی میں ترنم صد ہزار کیوں ہونے لگا، ہوائیں ترنم ریز اور عطر بیز کیوں ہوئیں، فضائیں عنبر بار ہو گئیں، ذرہ ذرہ خاک زندگی کی حرارت دینے لگا، گلزار و بہار اٹھتی جوانی کے آنگن میں محو رقص و خرام ہو چلی، قصر نو شیرواں کے کنگرے گرنے لگے، حاکمانہ غرور پیوند خاک ہونے لگاخانہ کعبہ کے در و دیوار مارے خوشی کے نہال ہوئے جا رہے ہیں، ظلمت کدے تھر تھر کانپنے لگے ، یتیموں کے سروں پر دست شفقت کی رحمت چھانے لگی کیوں کہ آج کے دن فخر کائنات محمد عربی ﷺ کی آمد آمد ہے۔ اسی خوشی کے لمحہ کو اپنے اندر سمونے کی کوشش میں چوہدری وقار احمد اور ان کے والد محترم نے اپنے کاشانہ پر محفل میلاد کا اہتمام کیا جس میں عاشقان رسولﷺ نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا ، اس پر نور محفل کی صدارت علامہ قاری عبد اللطیف چشتی الازہری ڈائیریکٹر ادارہ پاک دارالسلام فرینکفرٹ نے کی ، محفل کے مہمان خصوصی حضرت صا حبزادہ سلطان فیاض الحسن چیئر مین حضرت سلطان باہو ٹرسٹ ، تلاوت سے محفل کا آغاز کیا گیا پھر نعت خواں حضرات نے اللہ تعالی اور نبی کریم ﷺ کی شان میں پرنور نعتیں پیش کیں، صدر محفل نے سیرت النبی پر بہت خوبصورت خطاب پیش کیا مہمان خصوصی سلطان فیاض الحسن نے ولادت باسعادت نبی اکرم حضرت محمد ﷺ پر مکمل خطاب فرمایاان کا فرمانا تھاکہ ربیع الاول وہ مہینہ ہے جس کی آمد سے پھولوں کی مرجھائی ہوئی کلیاں کھل اُٹھیں، خزاں رسیدہ گلستان سر سبز و شاداب ہو گئے،ان کا فرمانا تھا کہ ماہ ربیع الاول کو تقدس،عظمت اور شان ملی ہے دو شنبہ کا دن اور صبح صادق کی گھڑی سیاہ رات کی سیاہی چھٹ رہی تھی اور دن کا اجالا پھیل رہا تھا جب آفتاب عالم سرور دو عالم مالک دو جہاں آقائے دو جہاں کی ولادت با سعادت سے کائنات کے بے نور گوشے چمک اُٹھے ،خطاب کے دوران کاشانہ نعروں سے بھی گونجتا رہا خطاب کے بعد موئے مبارک کی زیارت کروائی گئی ، چوہدری وقار ان کے والد اور چچا نے مہمانوں کی مہمان نوازی کے لئے طرح طرح کے پاکستانی کھانے محمدی لنگر میں پیش کئے۔

تصویریں بصد شکریہ عبد الطیف چشتی الازہری