۔،۔جرمنی بینکوں کے شہر فرینکفرٹ میں کامیاب مشعل بردار جلوس کا اہتمام۔،۔

شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ادارہ پاک دارالسلام کے زیر اہتمام مشعل بردار ریلی نکالی گئی، آج کی رات نبوت و رسالت کے آفتاب و مہتاب ، انبیاء مرسلین کے تاجدار، مجسم رحمت ، شافع محشر، نور مجسم فخر دو عالم، سید ابرار شاہِ دو عالم حضرت محمد مصطفی ﷺ رنگ و بو کے فتنے مٹانے والے ،عورت کا وقار بحال کرنے والے ، متحارب قبیلوں کے سینوں میں صدیوں سے بھڑکنے والی آتش انتقام کو بجھانے والے ، یتیموں کے سروں پر دست شفقت رکھنے والے کی آمد پر خوشی سے بے قابو عاشقان رسول نے فرینکفرٹ میں مشعل بردار ریلی نکالی، ریلی کا آغاز ادارہ پاک دارالسلام میونچنر سٹراسے سے کیا گیا ،ریلی کی قیادت کے لئے علماء نہ صرف جرمنی بلکہ پورے یورپ سے تشریف لائے تھے۔ ریلی درود و سلام پڑھتی گئی ، نعرے لگاتی گئی آج فرینکفرٹ کی بلڈنگیں بھی روشنی سے جگمگا رہی تھیں ، جرمن قوم حیران و پریشان تھی کے اللہ اکبر کے نعرے لگائے جا رہے ہیں ، ریلی میں شامل چند نوجوان لوگوں میں گلاب کے پھول تقسیم کرتے پھر رہے ہیں، میرے ہاتھ میں کیمرہ دیکھ کرپوچھا کہ لوگ پھول کیوں بانٹ رہے ہیں،ان کے ہاتھوں میں مشعل کیوں تھامی ہوئی ہے پوچھنے پر ان کو بتایا گیا کہ آج ہمارے پیارے نبی آخر و زمان ختم رسل کی پیدائش کا دن ہے ، یورپین کمیونٹی کو جب بتایا گیا کہ اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں تو وہ یہ سن کر خوش ہوئے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کو ہم نے خود دعوت دی ہے ، بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو پاکستان نے نہیں بلکہ خود یورپ والوں نے پروان چڑھایا ہے ، یہ آگ امریکا اور یورپ نے دوسرے ممالک کے لئے لگائی تھی خود سکون سے ہاتھ تاپتے رہے ان کی لگائی وہ آگ یورپ کی دیواروں تک پہنچ چکی ہے اس کی تپش کا اندازہ اب یورپ کو بھی ہونے لگا ہے، وہ اسی آگ میں جل رہے ہیں جو انہوں نے لگائی تھی الزام دوسروں پر کیوں۔ بہر حال ریلی میونچنر سٹراسے،قیصر سٹراسے، فریڈن سٹراسے سے ہوتی ہوئی Hauptwache پر پہنچی، باقاعدہ طور پر حضرت صاحبزادہ سلطان فیض الحسن نے کیک کاٹاHauptwache پر ریلی کا اختتام ہوا طحہ نے پولیس کا شریہ ادا کیا، جرمن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بات چیت کی ایک پیغام جو جرمنوں تک پہنچانا چاہتے تھے ماشااللہ وہ پیغام بڑے احسن طریقہ سے پہنچایا گیا۔ریلی کے اختتام پر ادارہ منہاج انٹرنیشنل نے ریلی میں شریک تمام شرکاء کو چائے پیش کی۔ یہ لکھنا ضروری سمجھتا ہوں کہ اتنی سردی کے باوجود چھوٹے چھوٹے بچوں نے بھی مشعل بردار ریلی میں شرکت کی۔۔مشعل بردار ریلی میں خصوصی شرکت ۔ پیر سلطان فیاض الحسن قادری سروری، مولانا محمد اشرف قادری میونخ، مولانا سید جواد الحسن شاہ ساربروکن، مولانا زکریا کوبلنز، مولانا قاری عرفان مدنی اوفن باخ، نعت خواں عاشقان رسول۔ صاحبزادہ سلمان کونین پاکستان، عابد معصومی پاکستان، قاری علی محمد قادری برطانیہ، قاری مدثر اقبال منہاج القرآن فرینکفرٹ، اس کے علاوہ سوئیٹزر لینڈ سے عاشقان رسولﷺ قافلہ کی صورت میں تشریف لائے، جرمنی کے مختلف شہروں ،اسٹٹگارٹ، ساربروکن، میونخ، من ہائیم، کارلسروئے، ویسبادن سے بھی عاشقان رسولﷺ ریلی میں شرکت کے لئے تشریف لائے۔