۔،۔ مہنگائی کاسورج سوانیزے پرآگیا، عوام زندہ درگورہوگئے:عامر نواب خان۔،۔
ملک میں تبدیلی نہیں بلکہ ہرسطح پربددلی اوربدحالی آئی ہے،استقبالیہ سے خطاب

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء اوراین اے 8سے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار عامرنواب خان نے کہا کہ مہنگائی کاسورج سوانیزے پرآگیا،بیچارے عوام زندہ درگورہوگئے۔ ملک میں تبدیلی نہیں بلکہ ہرسطح پربددلی اوربدحالی آئی ہے۔اناڑی حکمرانوں کے ناقص تجربات سے شہریوں کااحساس محرومی مزیدبڑھ گیا۔رمضان ابھی نہیں آیامگر ملک میں مہنگائی کاطوفان ضرورآگیا ہے۔ حکومت کانام نہادرمضان ریلیف پیکیج مفلس عوام کی محرومیوں کامداوانہیں بن سکتا۔ وہ اپنے اعزازمیں ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔ عامرنواب خان نے مزید کہا کہ اسد عمر نے مزیدمہنگائی اورعوام کی چیخوں کامژداسنادیا ہے۔اگرموصوف معیشت کوبہترنہیں کرسکتے تووزارت چھوڑدیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ان چہیتوں کووزارتیں دیں جو اپنے محکموں کی ابجد تک نہیں جانتے ۔پاکستان کے عوام اس قسم کے اناڑیوں اورمداریوں کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے سرمایہ کار مختلف ملکوں میں منتقل ہورہے ہیں کوئی بیرونی سرمایہ ہمارے ملک میں کیوں آنے لگا۔حکومت معاشی سرگرمیاں بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ خالی اعدادوشمار سے کچھ نہیں ہوگا،عوام کوماہ صیام کے سلسلہ میں بھرپور ریلیف دیا جائے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس پی سی فوٹوشوٹ کے سواکچھ نہیں ہوتے ،ابھی تک ریاست کی سمت درست نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نام نہادکارکردگی محض ان کے بیانات اورا علانات تک محدود ہے ۔مصنوعی ترقی اس سراب کی طرح ہے جس سے کوئی پیاساسیراب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے کام مہلت والے نہیں ہیں،پاکستان میں ووٹ کوعزت دیے بغیر تبدیلی نہیں آئے گی۔عمران خان کے پاس ویژن ہے اورنہ ان نام نہادمنصوبوں کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ان کے پاس قابل ٹیم ممبرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پرانتقام کابازارگرم ہے جبکہ عام آدمی کاکوئی پرسان حال نہیں ۔