۔،۔عوام پر ظلم کی بجائے مراعات یافتہ طبقے کو کنٹرول کیا جائے‘ جی کیوایم۔،۔
حکمران یاد رکھیں! مہنگائی وہ جن ہے جو اپنے جنم دینے والے کو بھی نگل جاتا ہے‘ عرفان سولنگی
مہنگائی کا ”روایتی“ طوفان‘ تبدیلی کے”سونامی“ بھی نہیں بخشے گا اور اسے بھی بہا لے جائیگا!

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اقتدار پرستوں اور بااختیار قوتوں کی کرپشن اورسرمایہ داروں‘ صنعتکاروں‘تاجروں و زمینداروں کی ٹیکس چوری نے قومی معیشت کے ”ٹائی ٹینک“ ایسے بھنور و منجدھار میں پھنسادیا ہے جسے ”سونامی“ کی تندو تیز لہریں بھی اس منجدھار سے نکالنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں اور معیشت کو بہتر بنانے کی چاہت حکومت سے وہ اقدامات کرارہی ہے جس کے باعث عوام کی مسترد کردہ قوتیں پھر سے عوام میں جگہ بنارہی ہیں اور حکمران جماعت بتدریج عوامی حمایت کھوتی جارہی ہے۔ گجراتی قومی موومنٹ کے چیئر مین گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان سے قبل حکومت کا یہ اقدام عوام پر انتہائی گراں گزرا ہے اور عوام پی ٹی آئی حکومت سے بدظن ہونے شروع ہوگئے ہیں کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے نہ صرف حج و عمرہ کے اخراجات میں اضافہ ہوجائے گا بلکہ ٹرانسپورٹ کرایہ بھی بڑھ جائیں گے اور پھلوں‘سبزیوں واجناس سمیت روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا ایسا”روایتی“ طوفان آئے گا جو تبدیلی کے”سونامی“ کو بھی بہا لے جائے گا۔ اسلئے حکومت معیشت کی بہتری کیلئے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعے عوام پر مہنگائی بم گرانے کی بجائے مراعات یافتہ طبقے اور اشرافیہ کے استعمال کی اشیاء یعنی آٹو موبائل‘ سگریٹس‘ کاسمیٹکس ودیگر اشیائے تعیش پر ٹیکس لگائے تو اس کے مستقبل کیلئے زیادہ بہتر و سودمند ہوگا بصورت دیگر مہنگائی وہ جن ہے جو اپنے جنم دینے والے کو بھی نہیں بخشتا اورایک دن اسے بھی نگل جاتا ہے!

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے