۔،۔ تھر میں غذاسے زیادہ ملک میں قیادت کاقحط خطرناک ہے: محمدجمیل گوندل۔،۔
پاکستان میں سیاستدان بہت ہیں مگربدقسمتی سے نجات دہندہ کوئی بھی نہیں

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نیویارک کے صدر محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہتھرمیں غذا کی قلت یاقحط سے زیادہ ملک میں مخلص قیادت کاقحط افسوسناک اورخطرناک ہے۔غذائی بحران کی بات ہو یاقیادت کافقدان،دونوں صورتوں میں ملک اورمعاشرے بربادہوجاتے ہیں۔ہمارے ہاں جس کے پاس قیادت ہے اس کے پاس اخلاقیات اورقابلیت نہیں اورجس کے پاس یہ دونوں خوبیاں ہے کوئی اس کی قیادت کوتسلیم نہیں کرتا۔بابائے قوم محمدعلی جناح ؒ ؒ کے انتقال سے اب تک پاکستان مخلص،مدبر اورنیک نیت قیادت سے محروم ہے۔عوام قومی بحرانوں اوربدامنی سے نجات کیلئے سچی اوراچھی قیادت تلاش کریں۔وہ ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے۔محمد جمیل گوندل نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاستدان اورشعبدہ بازتو بہت ہیں مگر نجات دہندہ کوئی بھی نہیں ہے۔امیروکبیر ارکان اسمبلی کو مزیدمراعات کی فراہمی کے حق میں قراردادکی منظوری پرتعجب نہیں ہوتا کیونکہ اسمبلیاں مفادپرست عناصر کیلئے کلب کی طرح ہیں،آج بھی کئی جعلی ڈگریوں والے اسمبلیوں کے اندربیٹھے ہوئے ہیں۔ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہ کئی گنابڑھادی جاتی تو یقیناپاکستان کی معیشت ٹیک آف کرجا تی اورنادارومفلس عوام کاخالی پیٹ بھرجاتا،دہشت گردسرنڈرکرد یتے اورملک میں کوئی قومی بحران باقی نہ رہتا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے زیادہ تر سیاستدانوں کواپنے مفادات کے سواکچھ نہیں سوجھتا۔ پاکستان کاآئین سیاستدانوں کے نزدیک موم کی ناک ہے جس کووہ اپنی ضروریات اورخواہشات کیلئے جب اور جدھرچاہیں موڑسکتے ہیں۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے