۔،۔ نوازشریف ضمیر کے قیدی،ضمانت ان کاحق ہے:شاہداقبال۔،۔
انصاف کی فراوانی ہمار ی سیاست کامحور، مگرہمارے قائدانصاف سے محروم ہیں

پاکستان مسلم لیگ(ن) ریاض کے ممتاز رہنماء اورمسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق رہنما ء محمد شاہداقبال نے کہا کہ ایٹمی پاکستان کے معمار میاں نوازشریف ضمیر کے قیدی ہیں،انہیں ضمانت سے محروم رکھنا انصاف کاخون ہے۔کیاکسی علیل انسان کا مناسب علاج کی خواہش رکھناکوئی گناہ ہے۔میاں نوازشریف کو زندانوں میں ڈالے جانے کا علم تھا مگروہ پھر بھی مادروطن اورہم وطنوں کی محبت میں لندن سے واپس آئے۔حکمرانوں کاہراقدام جمہوری اقدار سے متصادم ہے۔ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراوانی ہمارے قائدمیاں نوازشریف کی سیاست کامحورتھامگرآج وہ خودانصاف سے محروم ہیں۔ وہ اپنے اعزازمیں ایک عیدملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے۔ محمدشاہداقبال نے مزید کہاکہ میاں نوازشریف کوبدترین انتقام کانشانہ بنانے والے ہٹ دھرمی اور ضد چھوڑدیں ورنہ خودکو مکافات عمل کیلئے تیاررکھیں۔انصاف کی نام نہادعلمبردار حکومت بتائے جمہوریت پرشب خون مارنے اورآئین توڑنے میں ملوث پرویزمشرف اس وقت کہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعمیرکرنیوالی قیادت کا زندانوں میں جبکہ ملک ڈبونے والے آمروں کا آزاد اوربیرون ملک ہوناایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔ میاں نوازشریف کی والدہ سمیت بیٹی مریم نوازاور نجی ڈاکٹر کو ان سے ملنے نہ دینا آمرانہ رویہ ہے۔انہوں نے کہا کہ منتقم مزاج حکمران اپنے ہاتھوں سے اپنی راہوں میں کانٹے بورہے ہیں۔پاکستان میں آج جمہوریت ہے،یہ نہیں کہاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کامینڈیٹ چوری کرکے اقتدارمیں آنیوالے عجلت اورمجرمانہ غفلت کامظاہرہ کرتے ہوئے غلط فیصلے کررہے ہیں۔نااہل ترین حکمران مستعفی ہونے کی بجائے قوم کومزیدمہنگائی کامژداسنار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی نااہلی کے باوجودعمران خان کی بے بسی ناقابل فہم ہے۔ پنجاب کوایک زیرک اورانتھک منتظم کی ضرورت ہے،اناڑی عمران خان اپنے اناڑیوں اورکھلاڑیوں کونوازنا بند کریں۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے