۔،۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لاہور پہنچ گئے،والہانہ استقبال۔،۔

شان پاکستان لاہور۔ لیگی کارکنوں نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے باہر آتے ہی پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور لیگی قیادت کے حق میں نعرے بلند کئے جس پر شہباز شریف نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔صدر ن لیگ کے استقبال کیلیے اراکین اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر، احسن اقبال، امیر مقام، سابق سنیئر مشیر وزیر اعلیٰ خواجہ احمد حسان، عظمی بخاری، مجتبی شجاع الرحمن، غزالی سلیم بٹ سمیت دیگر پارٹی عہدیدار بھی لاہور ایئرپورٹ پہنچے، عطااللہ تارڑ ،خواجہ عمران نذیر،عائشہ غوث پاشا،صبا صادق سمیت اہم رہنماؤں نے ائیرپورٹ لاؤنج میں شہباز شریف کا استقبال کیا اور ریلی کی صورت میں ماڈل ٹاؤن ان کی رہائش گاہ پہنچایا۔قبل ازیں لاہور ائیرپورٹ پر سخت سیکیورٹی کے باوجود متعدد لیگی کارکن زبردستی ائیر پورٹ کے اندر داخل ہو گئے، کارکنان اور ائیر پورٹ سیکیورٹی کے درمیان تلخ کلامی و دھکم پیل ہوئی، کارکنان ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو دھکیل کر آرائیول لاونج تک پہنچ گئے جب کہ گلو بٹ کی کارکنوں کے ساتھ مل کر لیگی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔شہباز شریف کے استقبال کیلیے آنے والے لیگی کارکنوں سے نمٹنے کیلیے واٹر کینن بھی ایئرپورٹ پر منگوائی گئی تھی جب کہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے