۔،۔ عوام کے ٹیکس کاپیسہ ان کی فلاح وبہبود پرصرف ہوگا:سرفرازنیازی۔،۔
حالیہ دنوں میں پیداہونیوالی بے یقینی اوربے چینی معیشت کیلئے نیک شگون نہیں

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سرفرازخان نیازی نے کہا ہے کہ حکومت کی دوررس معاشی اصلاحات پرسیاست جائز نہیں۔ٹریڈرز غنڈوں کوجگاٹیکس دے سکتے ہیں تو ریاست کوٹیکس کیوں نہیں۔عوام کے ٹیکس کاپیسہ ان کی فلاح وبہبود پرصرف ہوگا،ماضی میں ٹیکس کاپیسہ منی لانڈرنگ سے بیرون ملک منتقل کیا گیا مگراب ایسا نہیں ہوگا۔عوام کی ایک ایک پائی ان کی زندگی میں آسانی اورآسودگی کیلئے صرف ہوگی۔اپنے ایک بیان میں سرفرازخان نیازی نے مزید کہا کہ جمہوریت سے قومی مفادات کی حفاظت کادرس ملتا ہے۔ ضداورہٹ دھرمی سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے،حالیہ دنوں میں پیداہونیوالی بے یقینی اوربے چینی معیشت کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خدانخواستہ معاشی سرگرمیوں میں تعطل کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ ہمیں ماضی کے مقابلے میں آج زیادہ افہام وتفہیم اوراتحادویکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کی یقینی حفا ظت کیلئے واقعات اور معاملات کوتعصب کی عینک اتارکردیکھاجائے۔ دفاعی اداروں کوسیاسی تنازعات میں گھسیٹنا درست نہیں۔ ایک طبقہ ان دنوں اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت منتخب جمہوری حکومت اورہمارے ریاستی اداروں پرحملے کررہا ہے،یہ عناصر ہرقیمت پر اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں لہٰذاء ان کی ناکامی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ایشوزکوجان بوجھ کر غیرمعمولی اورغیرضروری اندازسے طول دیاجاناتشویشناک ہے،خداراملک میں جاری بحث سمیٹ لی جائے کیونکہ حقیقی چیلنجزسے غفلت نقصان دہ ہوسکتی ہے۔حادثات اورسانحات سے بچاؤکیلئے بروقت تدبیرکی جائے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی مضبوطی سے معیشت اوراداروں پربھی مثبت اثرپڑتا ہے،افواہوں کابازارگرم کرنے والے ہم سے کسی کے دوست نہیں ہیں۔ہماری حکومت ریکارڈمدت میں پاکستان کی ناؤکو بحفاظت منجدھارسے باہرلے آئی ہے،عنقریب معاشی ابتری کے واقعات اورقومی بحران ماضی کاقصہ بن جائیں گے۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے