۔،۔ ایران برطانوی تیل بردار بحری جہاز چھوڑ دے ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔،۔

شان پاکستان برطانیہ لندن۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا تو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، برطانوی حکومت اپنے بحری جہاز کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سفارتکاری کے ذریعے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم ایک چیز واضح ہے کہ یہ معاملہ لازمی حل ہونا چاہیے۔برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں اپنے 2 بحری جہازوں کو ایران کی جانب سے قبضے میں لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایران نے صرف ایک برطانوی بحری جہاز کو تحویل میں لینے کی تصدیق کی۔ ایران کا کہنا ہے جمعے کو آبنائے ہرمز میں قبضے میں لیا جانے والا برطانوی آئل ٹینکر بین الاقوامی بحری ضوابط کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔واضح رہے کہ چند روز پہلے برطانیہ نے بھی جبرالٹر میں ایک ایرانی تیل بردار جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا جس کے بعد ایران نے اس کا بحری جہاز رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی بحری جہاز کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے