۔،۔جس سوہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند اس دل آفروز ساعت پہ لاکھوں سلام۔،۔

گجرات: جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں مرکز اہلسنت نیک آباد مراڑیاں شریف سے عظیم الشان مرکزی جلوس میلاد النبیﷺ نکالا گیا۔ جس میں ہزاروں غلامان رسول نے بھرپور شرکت کی۔ جلوس بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ، سٹاف گلہ سے ہوتے ہوئے چوک جی ٹی ایس میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر ورسالت، آمد مصطفی مرحبا مرحبا، لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ راستے میں جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا اور پھول پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری نے محمدی بیکرز کے سامنے جلوس میلاد النبی ﷺکے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ ہادی کائنات، رحمۃ للعالمین اور خالق کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو انبیا و مرسلین کا امام بنایا۔ آپ کی آمد سے دنیا میں عظیم انقلاب رونما ہوا اور آپ کے نور سے کائنات منور ہوگئی۔ آپکے یوم ولادت پر تشکر اور خوشی کا اظہار کرنے کیلئے عاشقان رسول دنیا بھر میں اپنی محبتوں کا اظہار کرتے ہیں۔ محبت رسول کے بغیر ایمان بھی مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کی اطاعت فلاح دارین کی ضامن ہے۔ آپ کی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا وآخرت کو سنوارا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں چوک جی ٹی ایس میں جلوس میلاد النبی ﷺکے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر عثمان افضل قادری نے کہا کہ رسول پاکﷺ کی بعثت اہل ایمان پر اللہ کریم کا بہت بڑا احسان ہے۔ آقا کریمﷺ محاسن، کمالات اور شانوں کا عظیم مجموعہ تھے۔ آپ جن راہوں سے گزرتے تھے وہ راہ بھی خوشبو دار ہوجایا کرتے تھے۔ بادل آپ پر سایہ فگن ہوجاتے۔ شمس وقمر اور شجر وحجر نے آپ کی اطاعت کی۔ آپ کی تعلیمات اور اخلاق حسنہ سے کائنات مہک اٹھی۔ آپﷺ کی محبت واطاعت اللہ تعالیٰ نے فرض فرمائی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ امت آقا کریم سے بھرپور محبت کرے، آپکی سچی غلامی اختیار کرے اور آپکی تعلیمات پر عمل کرے۔ اس موقع پر اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بابری مسجد کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ آخر میں امت مسلمہ اور خاص طور پر وطن عزیز پاکستان کی خیر وسلامتی کیلئے اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے