۔،۔انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کل ناروے اورانڈیا کیخلاف مظاہرہ کرے گی۔،۔
ملعون کو قرارواقعی سزادی جائے:محمدناصراقبال خان،رضاایڈووکیٹ،اشفاق کھرل،تنویرخان، وسیم قریشی
کوئی ہمارے صبروتحمل کاامتحان نہ لے: سلمان پرویز، سلطان بٹ،اشرف عاصمی،شکیل اعوان،یونس ملک،نوشادحمید

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے زیراہتمام کل 27نومبربروزسوموارصبح 11:00بجے لاہورہائیکورٹ چوک میں ناروے حکومت کے آشیربادسے قرآن مجید شہیدکرنے کی مذموم سازش، بابری مسجد کی شہادت کے کئی برسوں بعدبھارتی سپریم کورٹ کی انصاف گردی، کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی اورکاشانہ ویلفیئرہوم میں سی ایم آئی ٹی کے منتقم مزاج چیئرمین کی مسلسل اوربیجااورانتقامی مداخلت کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ ورلڈکالمسٹ کلب کے مرکزی چیئرمین محمددلاورچوہدری سمیت امن اورانسانیت کے حامی قلم کاراورقانون دان بھی اس منفرد مظاہرے میں شریک ہوں گے جبکہ کشمیرکی آئینی پوزیشن کی بحالی اوربابری مسجدکی تعمیرنو کے حق میں قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ اس امرکافیصلہ لاہورہائیکورٹ میں ہونیوالے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس سے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمدناصراقبال خان،سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ،چیف آرگنائزر اشفاق احمدکھرل ایڈووکیٹ،مرکزی سینئر نائب صدور تنویرخان،مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ،محمداشرف عاصمی ایڈووکیٹ، نائب صدور نوشادحمید،سلمان پرویز،ناصرچوہان ایڈووکیٹ، شکیل اعوان، ممتازاعوان،محمدشاہدمحمود،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سلطان حسن بٹ،صدر پنجاب محمدیونس ملک،نائب صدور پنجاب رانافیاض امین، جان محمدرمضان اورصدرشیخوپورہ عمران حیدر نے کہا ہے کہ ناروے کے حکمران یادرکھیں ایک مقدس کتاب کے چند اوراق شہید کرنے سے اسلام ختم ہوگا نہ مسلمان مرعوب یامغلوب ہوں گے بلکہ مغرب سے اسلام مزید ابھرے گا۔ کوئی ملک یاقوم ہمارے صبروتحمل کاامتحان نہ لے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان روشن خیال ضرور ہیں مگر مردہ ضمیر ہرگز نہیں۔اپنے دین فطرت کاپرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلام اورانسانیت کیخلاف ہرطرح کی جارحیت کابھرپور مزاحمت سے جواب دیں گے۔ہم دوسرے کا عقیدہ چھیڑواورنہ اپناعقیدہ چھوڑو کے اصول پرکاربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناروے میں قرآن مجیدکوشہیدکرنے کی سازش درحقیقت مسلمانوں کی ملی حمیت پررکیک حملے کے مترادف ہے،ہم اس کی شدیدمذمت اورملعون کیلئے قرارواقعی سزاکامطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا قرآن مجید سمیت چاروں الہامی کتابوں پرایمان اورہمارے قلوب میں ان کیلئے بے پایاں عقیدت واحترام ہے۔ہم قرآن مجید کے ساتھ ساتھ انجیل،زبوراورتورات کے تقدس پربھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پیغمبروں اور مذاہب کے تقدس کی حفاظت یقینی بنائے۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے