۔،۔قلم کاروان،اسلام آباد۔ڈاکٹرساجدخاکوانی ۔،۔

منگل مورخہ26نومبر2019 بعد نماز مغرب قلم کاروان کی ادبی نشست مکان نمبر1اسٹریٹ 38،G6/2اسلام آبادمیں منعقد ہوئی۔ پیش نامے کے مطابق آج کی ادبی نشست میں ”تقریب تقسیم انعامات“طے تھی۔قلم کاروان کی ”فروغ قومی زبان مہم“ کے تحت ضلع اسلام آبادکے نویں اوردسویں کے طلبہ و طالبات کے درمیان ماہ ربیع الاول کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کے موضوعات پرتحریری مقابلے انعقاد کرایاگیاتھا۔اس سلسلے میں ضلع بھرکے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں بذریعہ خطوط دوموضوعات ارسال کر دیے گئے تھے۔لڑکوں کاموضوع تحریر”دفاع وطن میں نوجوانوں کاکردار سیرت النبیﷺ کی روشنی میں“اور طالبات کے لیے ”سیرت النبی ﷺکی روشنی میں لڑکیوں کی خاندانی ذمہ داریاں“کے عنوانات تجویز کیے گئے تھے۔کم و بیش دو سو مسودات موصول ہوئے،ہر مسودے کی تین تین منصفین سے جانچ کرائی گئی،فاضل منصفین نے بڑی محنت اور تندہی کے ساتھ نتائج تیار کیے جس کے بعد تقسیم انعامات و تقسیم اسنادکی تقریبات منعقد کی گئیں۔ مورخہ23نومبربروز ہفتہ کو الفلاح حالF8 اسلام آبادمیں طالبات کے لیے تقریب تقسیم انعامات و اسناد کاانعقاد ہوا۔مضامین لکھنے والی طالبات نے اپنی اساتذہ ووالدین کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔تحریم خالد جماعت نہم نے اول انعام،زہرہ گوہرجماعت نہم نے دوم انعام اورمشعل زاہدنے تیسراانعام حاصل کیا۔انعام یافتہ طالبات نے اپنے اپنے مضامین پڑھ کر سنائے۔قلم کاروان کی طرف سے انعام یافتہ طالبات کو نقدرقوم اور مضمون نگار کل طالبات کو اسناد اور کتب کاتحفہ پیش کیاگیا۔منگل مورخہ 26نومبر کو تقریب تقسیم انعامات برائے طلبہ منعقد ہوئی۔انجینئر(ر)نصراللہ رندھاوا نے صدارت کی اور جناب پیر عظمت اللہ قادری مہمان خصوصی تھے۔جناب عبیداللہ نے تلاوت قرآن مجید،حبیب الرحمن چترالی نے مطالعہ حدیث نبویﷺ،وریشہ اظہرنے نعت رسول مقبولﷺ اور میرافسرامان نے گزشتہ نشست کی کاروائی پڑھ کرسنائی۔جناب رانااعجازنے تحریری مقابلے کی مختصر رپوتاژپیش کی۔سہیل عباس جماعت دہم نے اول انعام،خان محمدجماعت نہم نے دوم انعام اور عبیدالرحمن جماعت دہم نے سوم انعام حاصل کیا۔انعام یافتگان طلبہ نے اپنے اپنے مضامین پڑھ کر سنائے اور شرکاء سے داد بھی وصول کی۔قلم کاروان کی طرف سے انعام یافتگان کو تقد رقوم پیش کی گئیں اور تمام مضمون نگار طلبہ میں اسنادوکتب اور باقی کل مہمانان کو تحفہ میں سیرت النبی ﷺ کی کتب پیش کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر قلم کاروان جناب ڈاکٹرساجدخاکوانی نے کہاکہ قلم کاروان نے بڑے فکروتدبرکے بعد یہ نتیجہ نکالا کہ سیکولرازم نے انگریزی ذریعہ تعلیم کے راستے وطن عزیزکے نوجوانوں میں نقب لگانے کی کوشش کی ہے،چنانچہ دشمن کی اس یلغارکوروکنے کے لیے قلم کاروان نے ”فروغ قومی زبان مہم“کاآغازکیاتاکہ نسل نومیں قومی شعائرکوپروان چڑھایاجاسکے کیونکہ کل انسانی تاریخ میں کسی قوم نے دوسری قوم کی زبان سیکھ کر ترقی نہیں کی۔فی الحال یہ مہم ضلع اسلام آبادکے طلبہ و طالبات تک محدود ہے جب کہ وسائل کی فراہمی کے بعد اس کادائرہ پورے ملک تک بڑھادیاجائے گا،ان شااللہ تعالی۔انہوں نے مخیرحضرات سے اس کارخیرمیں شرکت کی اپیل کی تاکہ جلدمطلوبہ مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔مہمان خصوصی جناب عظمت اللہ قادری نے قلم کاروان کی اس سعی جمیلہ کی تعریف کی اور رب العلمین کے حضوردعاکی کہ اللہ تعالی قلم کاروان کے ذمہ داران کے حوصلے بلند رکھے اورانہیں حصول مقصداوردارین میں کامیابیاں وکامرانیاں عطاکرے۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے