-,- قلم کاروان،اسلام آباد-ڈاکٹرساجدخاکوانی -,-
منگل مورخہ 3دسمبر2019 بعد نماز مغرب قلم کاروان کی ادبی نشست مکان نمبر1اسٹریٹ 38،G6/2اسلام آبادمیں منعقد ہوئی۔ پیش نامے کے مطابق آج کی ادبی نشست میں جناب پروفیسرمحمدطارق کاعلمی مقالہ بعنوان”مطالعہ دہریت“طے تھا۔پروفیسرمحمدطارق پیشے کے اعتبار سے معلم ہیں اور ایک مقامی سرکاری تعلیمی ادارے کے شعبہ ریاضی میں تدریسی عملے کے رکن ہیں۔معروف ماہرقرآن مجید اورقومی اخبارات کے کالم نگارودانشور اورپاکستان اکانومی واچ کے صدرجناب ڈاکٹرمرتضی مغل نے صدارت کی۔نشست کے آغازمیں جناب رانااعجاز نے تلاوت قرآن مجید،جناب میرافسرامان نے مطالعہ حدیث نبویﷺاورجناب عبدالحلیم نے گزشتہ نشست کی کاروائی پڑھ کر سنائی۔صدرمجلس کی اجازت سے جناب پروفیسرمحمدطارق نے اپنا مضمون اہل علم و دانش کی اس نشست میں پیش کیا،مضمون انتہائی دقیق فلاسفہ پر مبنی تھا جس میں منکرین وجودخداکے دلائل اور ان کا رد پیش کیاگیاتھا۔عصر حاضرمیں مذہب سے متنفر لوگ جنہوں نے خداسے انکارکاتصوراپناکر بے خدااسلوب زندگی اپنایا ان کے اس موقف پر صاحب مضمون نے شدید گرفت کی اور ان کے جملہ عقائد کاابطال پیش کیا۔صاحب مضمون نے ان کی کتب سے حوالوں کے ساتھ اقتباسات پیش کیے اور اہل مذاہب کی کتب سے عقلی و نقلی دلائل قلمبندکرکے خداکے وجودکوبہرحال ثابت کیااورآخرمیں مزیدمطالعے کے لیے کچھ کتب بھی تجویزکیں۔تبصروں سے قبل سوالات کی اجازت ملنے پرڈاکٹرساجدخاکوانی،میرافسرامان اورانورسلیم کمال نے سوالات کیے جن کے صاحب مضمون نے تفصیلی جواب دیے۔مضمون پرتبصرہ کرتے ہوئے جناب ساجد حسین ملک نے کہا کہ منکرین خداہردورمیں موجود رہے ہیں اور فی زمانہ ان کے خلاف لکھنا قلمی جہاد ہے۔جناب خالد حسن نے کہا دہریت کافتنہ دنیامیں بڑی تیزی سے پھیل رہاہے اور کم و بیش تمام مذاہب کے پیروکاراس کا شکار ہیں۔جناب ڈاکٹرساجد خاکوانی نے کہا چونکہ خداعقل سے بڑاہے اس لیے خداکی ذات وجود کاعقل میں سماجاناممکن نہیں تاہم خداکی صفات و اختیارات و امتیازات پر قرآن مجید نے غوروفکرکی بھرپوردعوت دی ہے۔جناب رانااعجاز نے کہاکہ مضمون عقلیات سے بھرپور تھا اور دلائل و براہین سے مزین کیاگیا تھا۔جناب مرزاضیاء الاسلام نے کہاکہ مضمون کے بہت سارے مندرجات مجھ سمیت اکثرلوگوں کو سمجھ نہیں آئے کیونکہ مضمون کی زبان بہت مشکل تھی،انہوں نے کہا کہ صاحب مضمون کوچاہیے تھا کہ سلیس زبان استعمال کرتے جوہرطرح کی ذہنی سطح کے لوگوں کے لیے قابل فہم ہوتی۔جناب سیدعنایت اللہ نے مضمون کی تعریف کی اوراسے ایک غیرمعمولی علمی کاوش قراردیا۔معمول کے سلسلوں میں جناب شہزادعالم صدیقی نے مثنوی مولائے روم ؒ سے حاصل مطالعہ پیش کیاورجناب عبدالرازق عاقل ایڈوکیٹ نے اپنی غزل نذرسامعین کی۔ صدر مجلس جناب ڈاکٹرمرتضی مغل نے صاحب مضمون کی تحریرکوسراہا اور دہریت کے بارے میں قرآن مجید کانقطہ نظرپیش کرتے ہوئے متعدد آیات اوران کا ترجمہ و تشریح پیش کیا،انہوں نے کہاکہ قرآن مجید باربار کائنات کی تخلیق کو بطوردلیل پیش کر کے خداکے وجود احدیت کااثبات کرتاہے،انہوں نے اپنے صدارتی خطبے میں وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کے طرزاستدلال کو اپناتے ہوئے دہریوں کے ساتھ مخاطبہ کیاجائے تواس سے اپناایمان بھی محفوظ رہ سکتاہے،صدرمجلس نے کہاکہ جب دہریے جہالت پراترآئیں توان سے مباحثہ ختم کردیاجائے کہ قرآن مجیدکایہی حکم ہے۔ صدارتی خطبے کے ساتھ ہی آج کی نشست اختتام پزیرہوگئی۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے