۔،۔ دہکتاہوا کشمیربحران فوری حل متقاضی ہے:الطاف شاہد۔،۔
دنیا کاہرمہذب اورباضمیر فرد روہنگیا بحران کے سدباب کیلئے اپناکرداراداکرے

پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ انگاروں کی طرح دہکتاہو اکشمیربحران فوری حل متقاضی ہے۔ اقوام متحدہ اورمقتدرقوتوں کے ہوتے ہوئے برما،بھارت اورفلسطین میں مسلمانوں کی مسلسل نسل کشی ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔مقتدرقوتیں اس قدربے بس یابے حس کیوں ہے، مودی سرکارکوکشمیری مسلمانوں کیخلاف انسا نی تاریخ کی بدترین بربریت سے کون روکے گا۔دنیا کاہرمہذب اورباضمیر فرد کشمیر بحران کے آبرومندانہ اوردانشمندانہ سدباب کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکرے۔ وہ بھارتی مسلمانوں سمیت کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ کشمیر کے بیگناہ نوجوان ناحق مارے جارہے ہیں جبکہ عالمی ضمیر سویا ہوا ہے۔اگر بھارت کے درندہ صفت حکمرانوں کو سخت سزانہ ملی تودنیا کے کسی ملک میں اقلیت کی زندگی اور انسانی ومذہبی آزادی محفوظ نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اگراقوام متحدہ نے اپنی رٹ نہ منوائی تو مسلمانوں کااس پرسے اعتماد اٹھ جائے گا۔اقوام متحدہ مذاہب کے درمیان کسی تفریق یاتعصب کامتحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جوملک اقوام متحدہ کے ممبر ہیں وہ اس کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں۔ نہتے کشمیری ا پنے بنیادی شہری حقوق اورآزادی مانگ رہے ہیں جو ان کاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اورفلسطینی مسلمانوں کی ابتر حالت زار سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔ پی ایس پی کے عہدیداران اورکارکنان ہرسطح پر کشمیری اورفلسطینی بحران کاپائیدارحل تلاش ہونے تک ان معتوب مسلمانوں کی بھرپور وکالت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اِنصاف میں دیراندھیر کے مترادف ہے۔انصاف اورسچائی تک رسائی کے نظام میں اس قدرپیچید گی برداشت نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ امن وآشتی اور بنیادی حقوق کی بازیابی کیلئے ہرسطح پر انصاف عام کرنا ہوگا۔انصاف کی عدم فراہمی کے سبب معاشرے میں قانون کاڈر ختم ہوگیا جس کے نتیجہ میں عدم برداشت اورتشدد کے واقعات عام ہوگئے ہیں۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے