۔،۔کپتان اعلانات نہیں ریلیف کیلئے اقدامات کریں: شکیل اعوان۔،۔
حکومت سندھ سمیت چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کاشیڈول جاری کرے

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی نائب صدر ملک شکیل اعوان نے کہا ہے کہ کپتان لچھے دارتقرریں اور اعلانات چھوڑیں اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔حکمران اڑھائی سال سے عوام کو محض طفل تسلیاں دے رہے ہیں،پاکستانیوں کوتبدیلی سرکار کے دوراقتدار میں ایک ٹیڈی پیسے کاریلیف نصیب نہیں ہوا۔وفاقی حکومت پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کاشیڈول جاری کرے اوران کاشفاف انعقاد یقینی بنا ئے۔اگرعمران خان واقعی منتخب وزیراعظم ہیں تو ان کے طرزسیاست سے آمریت کی بوکیوں آتی ہے۔اپنے ایک بیان میں ملک شکیل اعوان نے مزید کہا کہ اگربلدیات کوکسی بھی ریاست میں پائیدار جمہوریت کی بنیادکہاجائے توبیجا نہیں ہوگا جبکہ تبدیلی سرکار نے اقتدار میں آنے کے فوری بعد بلدیات پرشب خون ماراتھا،عمران خان کی طرف سے آج تک اپنے اس آمرانہ اقدام کی کوئی معقول وضاحت پیش نہیں کی گئی۔ریاست میں جدید شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے بلدیات کے کلیدی کردارسے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں بلدیاتی ادارے بحال اورفعال ہوتے توآج عوام کی یہ حالت زار ہرگز نہ ہوتی۔تبدیلی سرکار نے بلدیات کی عمارت منہدم کرتے ہوئے جمہوریت کے وجود پرکاری ضر ب لگائی۔انہوں نے کہا کہ بلدیات کے بل پرعوام کوبنیادی مسائل کے بوجھ سے نجات اورمعاشرے کومجموعی طورپرراحت نصیب ہوتی ہے۔جمہوریت کے فیضان سے کپتان سمیت جو بھی حکمران بنے،انہوں نے جمہوری اداروں اورقدروں کوبلڈوزکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار واختیار اوروسائل کی نچلی سطح پرمنتقلی کیلئے آوازاٹھاتے رہیں گے۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے