۔،۔ قدر ت نے ہمیں قائد ؒ کے پاکستان کاامین بنایا:محمدجمیل گوندل۔،۔
قائدؒ کی تعلیمات کوترجیحات بنائے بغیر استحکام پاکستان کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نیویارک کے صدر محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہ شفیق ومہربان قدر ت نے ہمیں قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کے پاکستان کاامین بنایا ہے،ہم اس پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ مادروطن کے نوجوان سیاسی بونوں سے بیزار اور اپنا مستقبل روشن بنانے کیلئے بیدار ہیں، پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمن ناکام ونامرادہوں گے۔بانی پاکستان حضرت محمدعلی جناحؒ،مادرملت حضرت فاطمہ جناح ؒ اوربانیان پاکستان آج بھی ہماری دعاؤں اوروفاؤں کامحور ہیں۔ پاکستان کامعرض وجودمیں آنابیشک ان کابینظیراحسان ہے جوتاحشر فراموش نہیں کیا جاسکتا۔بابائے قوم محمدعلی جناح ؒ کی تعلیمات کوترجیحات بنائے بغیر استحکام پاکستان کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں محمدجمیل گوندل نے مزید کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں سمیت چاروں صوبوں کے نوجوان افکار قائدؒ کے علمبرداراورپیروکار اوران کے طرزسیاست کی وارث ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست ہے،ہم اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔تجربات کے نام پرپاکستان کااقتداراعلیٰ نااہل افراد کے سپردکرنیوالے اب اس غلطی کاکفارہ اداکریں کیونکہ اب تک ان کاحسن انتخاب ملک وقوم کیلئے عذاب بنتاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرک اورسنجیدہ سیاستدانوں کو پارلیمنٹ سے باہررکھنا وفاق،جمہور اورجمہوریت کیخلاف گھناؤنی سازش نہیں تواورکیا ہے۔22برس سے جس نام نہادتبدیلی کاشورمچایاجارہا تھاوہ کہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جس عہد میں گیارہ کھلاڑیوں کے کپتان تھے اس وقت بھی ان کارویہ آمرانہ تھا اورآج جب پاکستان کے 22کروڑ عوام ان کے رحم وکرم پر ہیں توآج بھی ان کی روش مجرمانہ،عاقبت نااندیشانہ اورآمرانہ ہے۔نوازشریف اورعمران خان سے دونوں مقبول توہوسکتے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی ملک وقوم کیلئے معقول نہیں ہے، عوام ایک معتدل اورمعقول سیاستدان کو وزیراعظم منتخب کریں۔