۔،۔ اسلحہ کی دوڑ نے ہندوستان کواقلیتوں کا قبرستان بنادیا: کامل علی آغا۔،۔
جرمنی اور بیلجیئم کا انتہاپسند بھارت کواسلحہ فروخت کرنے سے انکار قابل تقلید ہے

پاکستان مسلم لیگ (قائداعظمؒ) پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغانے ایک اخباری خبر پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی اور بیلجیئم کا انتہاپسند بھارت کواسلحہ فروخت کرنے سے انکار قابل تحسین اورقابل تقلید ہے۔ امید ہے آنیوالے دنوں میں دوسرے ملک بھی بھارت کے ساتھ اسلحہ سمیت دوسری تجارت روک دیں گے کیونکہ ظالم کے ساتھ تجارت ایک طرح سے اس کے ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔اسلحہ کی دوڑ نے ہندوستان کواقلیتوں کا قبرستان بنادیا، بھارت میں پرامن احتجاج کی پاداش میں ہزاروں کسانوں کوزندانوں میں قیدکرنافسطائیت ہے،انہیں فوری رہاکیاجائے۔وہ مسلم لیگ ہاؤس میں مختلف پارٹی وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ سینیٹرکامل علی آغا نے مزید کہا کہ بھارت میں کشمیریوں سمیت مسلمانوں اورسکھوں کے قتل عام سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔بھارت میں مسلمانوں اورسکھوں سمیت کسی اقلیت اوران کی عبادت گاہوں کو بھی نہیں بخشا جاتا۔انہوں نے کہا کہ مقتدرقوتوں کو کشمیریوں کے حق آزادی کی حمایت میں بھارت کامعاشی بائیکاٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اس پرمزیدسیاسی وسفارتی دباؤڈالناہوگا۔دنیا بھر میں انسانی حقوق کیلئے سرگرم ہرتنظیم یورپی ملکوں کوبھارت کے ساتھ اسلحہ کی تجارت سے روکنے کیلئے اپنا تعمیری کرداراداکرے۔مودی سرکار کوبھارت میں مسلمانوں،سکھوں،کسانوں سمیت کسی اقلیت کے بنیادی انسانی حقوق سے سروکار نہیں۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے