۔،۔تبدیلی سرکار کی ملی بھگت سے مافیاز کوفری ہینڈ مل گیا: شہزادحسن وٹو۔،۔
جیالے بھی عوام کوریلیف کی فراہمی اورانصاف کی فراوانی کیلئے تیار نہیں

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی نائب صدر میاں شہزادحسن وٹوایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کی ملی بھگت سے مافیاز کوفری ہینڈ مل گیا۔پنجاب کے اناڑی سندھ کے جیالے بھی عوام کوریلیف کی فراہمی اورمعاشرے میں انصاف کی فراوانی کیلئے تیار نہیں۔بیچارے عوام ہر طرف سے پس رہے ہیں، کوئی ان کی اشک شوئی کرنے کیلئے تیار نہیں۔کوئی نہیں جانتاضروریات زندگی کی قیمتوں پرکس نے اورکس طرح کنٹرول کرنا ہے۔اگر نااہل حکمران اپنے فرض منصبی کی بجاآوری کیلئے بیدار نہ ہوئے تومہنگائی کاسیلاب عوام کواپنے ساتھ بہا لے جائے گا۔مرغی کاگوشت بھی عام آدمی کی دسترس سے بہت دور ہوگیا،عوام کومہنگائی کازور توڑنے کیلئے عارضی طورپر اپنی خواہشات دباناہوں گی۔اپنے ایک بیان میں میاں شہزادحسن وٹوایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ ملک میں سرگرم مافیاز پرسخت ہاتھ کیوں نہیں ڈالتا۔ محب وطن، مستعد،مدبرا ور بردبار لوگ منتخب ایوانوں سے باہر ہیں جبکہ پی ٹی آئی کا بڑابزدار تخت اسلام آباد جبکہ چھوٹا بزدار تخت لاہور پربراجمان ہے۔عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کے باوجود قائدانہ کرداراداکرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کویقینا ورثہ میں بحران ملے لیکن انہوں نے خود بھی مزید بحران پیداکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے جارحانہ اورعاقبت نااندیشانہ طرز سیاست سے خود کو سیاسی وآئینی مسائل میں الجھا لیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد اوراپوزیشن ایک دوسرے کامیڈیا ٹرائل بندکردے کیونکہ اس سے کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا جبکہ سیاست مزیدبدنام ہوجائے گی۔اگر دونوں دھڑے مسلسل بلیم گیم کرتے رہیں گے توپھر عوامی ایشوز پربات کون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام میں سے ان کی نمائندہ اوران کے ساتھ مخلص قیادت عوام کی مشاورت سے نظام تبدیل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔

ایڈیٹرچیف نذر حسین کی زیر نگرانی آپ کی خدمت میں پیش ہے