-,- ملک میں مہنگائی کاسونامی بدانتظامی کاشاخسانہ ہے :سلمان پرویز-,-
حکمرانوں کاتوعلم نہیں لیکن عوام نے حالیہ تین برسوں میں یقینا بہت کچھ سیکھ لیا ہے

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر سلمان پرویز نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کاسونامی بدانتظامی کاشاخسانہ ہے۔ناتجربہ کار حکمرانوں کاتوعلم نہیں لیکن عوام نے حالیہ تین برسوں میں یقینا بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔ نااہل حکمران عوام کے زخموں پرنمک چھڑکنا بندکردیں۔ عیدالفطر کے بعداب عیدالاضحی کی آمد آمد ہے لیکن مہنگائی رخصت نہیں ہوئی۔ عوام کی زندگی سے دشواریاں دوراورآسانیاں پیداکرنے کیلئے ارباب اقتدار کے بیانات سے کچھ نہیں ہوگا،انہیں دوررس اقدامات اٹھاناہوں گے۔اپنے ایک بیان میں سلمان پرویزنے مزید کہا کہ ہم اپنے ہم وطنوں کااستحصال ہوتاہوانہیں دیکھ سکتے۔ ہم مادروطن کے محروم طبقات کی بحالی اورخوشحالی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔پاکستان میں معاشی انقلاب کے داعی بتائیں عوام بنیادی ضروریات سے محروم کیوں ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کادوسرانام سراب اورعذاب ہے، اناڑی کپتان اپنے نااہل ٹیم ممبرز کے ساتھ قومی چوروں کااحتساب نہیں کرسکتا۔عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کیلئے سمجھوتہ ایکسپریس میں سوار ہوئے اوراب اقتدار بچانے کیلئے چینی چوروں کوفرار ہونے کیلئے چورراستہ دے دیا،ان کے قول وفعل میں تضادات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کاپاکستان کی معاشی صورتحال پراظہاراطمینان ایک بھونڈا مذاق ہے۔کاش حکمران عام آدمی سمیت معاشرے کے مفلس ومزدورطبقات کااحساس محرومی اوران کی خالی آنکھوں میں چکناچورخوابوں کادرد محسوس کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ناں ناں کرتے کئی بار ٹیکس بڑھایا اوربیچارے تنخواہ داروں کی کمرتوڑدی۔حکومت کی طرف سے معاشی ترقی کے بارے اعدادوشمار کومسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بدحالی عوام کے چہروں سے عیاں ہے۔