۔،۔ 12ستمبر کو عوام کے ووٹ سے عوام کی جیت ہوگی:شفاقت علی۔،۔
ہر طرف” تیر” کازوروشور ہے،اب عوام امیدوار کا نام نہیں کام دیکھتے ہیں

والٹن کینٹ کی وارڈ نمبر6سے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواربرائے کونسلر شفاقت علی رحمانی نے کہا ہے کہ بہترین سماج وہ ہے جہاں عوام کاراج ہو،پاکستانیوں میں سیاسی شعور بیدارکرنے کاکریڈٹ ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربی بی بینظیر بھٹوسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ 12ستمبر کوعوام کے ووٹ سے عوام کی جیت ہوگی۔پیپلزپارٹی یعنی عوامی پارٹی کی کامیابی سے ریاست پرعوام حکومت کریں گے۔ 12ستمبر کے روز کسی چوریاکام چورکوووٹ نہیں ملے گا،ووٹرزجوق درجوق تیر کے نشان پرمہر ثبت کریں گے۔وہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں ووٹرز سے بات چیت کررہے تھے۔ شفاقت علی رحمانی نے مزید کہا کہ قومی چوروں اوران کے حواریوں کاقومی سیاست میں کوئی کام نہیں۔ ہرطرف تیر کازوروشور ہے،سرکس کے شیر اور اناڑی بلے باز قصہ پارینہ بن جائیں گے کیونکہ اب عوام امیدوارکانام یانشان نہیں بلکہ کام دیکھتے ہیں۔ مادروطن پاکستان کوایٹمی طاقت بنانے،پاکستان میں اسلامی کانفرنس کاانعقادکرنے اورمرزائیوں کوکافرقراردینے والے ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی بینظیر اصلاحات،تعمیرات اورگرانقدر خدمات کی فہرست بہت طویل ہے۔ انہوں نے کہاکہ مفلس ونادار خاندانوں کی بحالی وخوشحالی کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک ایسافلاحی منصوبہ ہے جس کودیکھتے ہوئے کوئی ووٹر “تیر” کے سواکسی دوسرے نشان پرمہرلگانے کاتصور بھی نہیں کرسکتا۔ عوام کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں اپنی ہردلعزیز جماعت پیپلزپارٹی کے نامزد فرض شناس امیدواروں کی کامیابی میں کلیدی کرداراداکریں گے۔ہماری جماعت کاہرامیدوار کامیابی وکامرانی کے بعدمتعلقہ محکموں میں اپنے ووٹرز کی بھرپورترجمانی اوران کے مقامی مفادات کی نگہبانی یقینی بنائے گا۔ہماری قیادت نے پنجاب بھر میں سماجی برائیوں کیخلاف سربکف امیدواروں کو نامزدکیاہے۔