۔،۔ شہروں میں اصلاحات کے بغیر شہریوں کامعیار زندگی بلند نہیں ہوگا: کامل علی آغا۔،۔
عوام “ٹریکٹر “کومینڈیٹ دیں،کیونکہ یہ اصلاحات،تعمیرات اورثمرات کانشان ہے

پاکستان مسلم لیگ (قائداعظمؒ) پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغانے کہا ہے کہ شہروں میں دوررس انتظامی اصلاحات کے بغیر شہریوں کامعیار زندگی بلند نہیں ہوگا۔کل ہونیوالی بارش نے شعبدہ بازوں کے چہروں سے منافقت کارنگ اتاردیا۔کئی دہائیوں تک تخت لاہورپربراجمان کردار وں اورشعبدہ بازوں سے شہر کی ابتری کا حساب لیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں باشعور عوام تاریخی شہرلاہور کو”ڈبن پورہ” بنانیوالی جماعت اوراس کی باقیات کویقینا مسترد کردیں گے۔عوام “ٹریکٹر “کو بھرپورمینڈیٹ دیں،کیونکہ یہ تعمیرات اورثمرات کانشان ہے۔ مسلم لیگ (قائداعظمؒ) کی قیادت اپنے مخلص ٹیم ممبرز کی مدد سے لاہور کابینظیر حسن بحال کرے گی اوریہ پھر سے باغات کاشہر بنے گا۔وہ مسلم لیگ ہاؤس میں بلدیاتی امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس سے مسلم لیگ (قائداعظمؒ) کے نامزد بلدیاتی امیدواروں نے بھی پرجوش انداز میں خطاب اوراپنی اپنی کامیابی کے بعد عوام کی بھرپور خدمت کے عزم کااعادہ کیا۔سینیٹر کامل علی آغا نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (قائداعظمؒ) کی مردم شناس اورنبض شناس قیادت نے بلدیاتی الیکشن کیلئے اپنے معتمداورمستعد ٹیم ممبرز کومیدان میں اتارا،عوام ان کی کامیابی میں کلیدی کرداراداکریں۔ مسلم لیگ (قائداعظمؒ) کے ارکان اسمبلی کی طرح منتخب بلدیاتی نمائندے بھی شہریوں کی شب وروز خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 12ستمبر کے روز “ٹریکٹر” پر مہر ثبت کرنے کامطلب پنجاب بھر میں انسانیت کی انتھک خدمت میں پیش پیش 1122جیسی انقلابی سروس پراظہار اعتماد اوراظہار اطمینان ہوگا۔