۔،۔ نفاق کی کوکھ سے نفرت کاجنم اورمعاشرہ جہنم ہوتا ہے: وسیم قریشی ۔،۔
امن وانسانیت کیخلاف بندوق اٹھانے اور گولیاں برسانے والے قابل رحم نہیں

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جہاں امن اورانصاف نہ ہو وہاں سے انسانیت کاجنازہ اٹھ جاتا ہے اورکمزور لوگ ایڑیاں رگڑ تے رگڑ تے موت کے گھاٹ اترجاتے ہیں۔ نفاق کی کوکھ سے صرف نفرت کاجنم ہوتا اورمعاشرہ جہنم بن جاتا ہے،اگرہم اسلامیت،انسانیت اورپاکستانیت کادرس فراموش نہ کرتے توہمارایہ حشر نہ ہوتا۔بارودکے ڈھیر پرکبھی کوئی پھول نہیں کھلتا اوربندوق سے نکلی گولی کبھی کسی کے زخم کامرہم نہیں ہواکرتی۔ امن وانسانیت کیخلاف بندوق اٹھانے اور نہتے انسانوں پرگولیاں برسانے والے قابل رحم نہیں۔جنگ صرف حق وباطل کے درمیان ہوتو اچھی لگتی ہے،کسی آزادریاست کودبانے اوراس کے وسائل ہتھیانے کیلئے ہتھیاراٹھانادرست نہیں۔اپنے ایک بیان میں مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جس جیت کا مزا مذاکرات کی میز پرہے وہ اورکہیں نہیں ملتا۔بیجا طاقت کے استعمال سے پیچیدہ ایشوز سلجھتے نہیں بلکہ مزید الجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف اورمساوات کے بغیر تبدیلی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ملکوں پرنازک وقت آیاکرتے ہیں،شہری صبروتحمل،بردباری اورباہمی رواداری کامظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی پسپائی سے ہماری نہیں ان کی رسوائی ہوئی، ریا ست کیخلاف ایک مفرور سیاستدان کی بیٹی سمیت بعض شرپسندعناصرکا منفی پروپیگنڈا شرمناک ہے۔جوملک میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے اپناتعمیری کردارادانہیں کرسکتے وہ اپنی زبانیں بندرکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی رٹ کاپاکستان کی سا لمیت سے گہراتعلق ہے۔اس قسم کی صورتحال روزروزپیدانہیں ہوتی لہٰذاء شرپسندوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی کامظاہرہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر محب وطن پاکستانیوں کوگمراہ نہیں کرسکتے۔