۔،۔میاں اقبال شاہد ورلڈ کالمسٹ کلب کے مرکزی وائس چیئرمین منتخب۔،۔
صحافت کی آزادی کیلئے ریاست کی آزادی داؤپرنہیں لگائی جاسکتی: میاں اقبال شاہد

سینئر کالم نگار،منفرد اسلوب کے شاعر اورنجی ٹی وی چینل کے اینکرپرسن میاں اقبال شاہد کوان کی ریاست پاکستان اور شعبہ صحافت کیلئے گرانقدر خدمات کودیکھتے ہوئے ورلڈ کالمسٹ کلب کا مرکزی وائس چیئرمین منتخب کرلیا گیا،اس امرکافیصلہ ورلڈ کالمسٹ کلب کے مرکزی صدروسینئر کالم نگار مظہربرلاس کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں مرکزی سینئر وائس چیئرمین میاں محمدسعید کھوکھر،مرکزی چیف آرگنائزر محسن گورایہ،مرکزی سیکرٹری جنرل محمدناصراقبال خان،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ،مرکزی آرگنائزر سلمان پرویز،مرکزی سینئر نائب صدور سردارمرادعلی خان، میاں محمداشرف عاصمی ایڈووکیٹ، مرکزی نائب صدور محمداویس رازی،شاہدندیم احمد، ناصرعباس چوہان ایڈووکیٹ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات لقمان شیخ،ورلڈ کالمسٹ کلب وومن ونگ کی مرکزی چیئرپرسن نیلماناہیددرانی اورمرکزی صدر نبیلہ طارق ایڈووکیٹ بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل محمدناصراقبال خان نے مرکزی وائس چیئرمین کے منصب کیلئے میاں اقبال شاہد کانام تجویز کیا جبکہ مرکزی آرگنائزرسلمان پرویز کی طرف سے باضابطہ تائید کے بعدمرکزی صدر مظہر برلاس نے میاں اقبال شاہد کے بھرپوراتفاق رائے سے ورلڈ کالمسٹ کلب کا مرکزی وائس چیئرمین منتخب ہونے کااعلان کیا۔ورلڈ کالمسٹ کلب کامرکزی وائس چیئرمین منتخب ہونے کے بعد میاں اقبال شاہد نے انتخابی اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کی آزادی کیلئے ریاست کی آزادی داؤپرنہیں لگائی جاسکتی۔ پاکستان کی تعمیروترقی کاراستہ مالیاتی نہیں نظریاتی صحافت سے ہوکر گزرتا ہے،ہمار ی ریاست زرد صحافت کی متحمل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کالمسٹ کلب کے عہدیداران سچائی تک رسائی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ افواہوں اورخبروں میں فرق ناگزیر ہے، ریاست کے روشن مستقبل کیلئے اصولی سیاست اور مثبت صحافت کوفروغ دیاجائے۔