۔،۔ مسلم قیادت کے اتحاد سے اسلام کوطاقت ملے گی: شوکت ورک۔،۔
٭ اگرمسلمان اورمسلم حکمران سچے دل سے متحدہوں تو قابل رشک ترقی کرسکتے ہیں ٭

دین فاؤنڈیشن کے مرکزی چیئرمین اورڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت ورک نے کہا ہے کہ
مسلم قیادت کے باہمی اتحاد سے اسلام کوطاقت ملے گی۔اقتدار اللہ رب العزت کی امانت ہے،مسلم حکمران مسلمانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ فلاحی اقدامات کریں۔کوئی مسلم ریاست قدرتی معدنیات اوروسائل سے محروم نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کارخ اپنے اپنے ہم وطنوں کی طرف موڑدیاجائے۔ آج سے چودہ سوبرس پہلے مسلم ریاست میں کوئی مستحق نہیں ملتا تھا توآج ہرطرف بھوک اوربھکاریوں کاراج کیوں ہے۔مسلمان ملکوں میں نادارومفلس لوگ وہاں کے حکمرانوں کی گڈگورننس پرسوالیہ نشان ہیں۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت ورک نے مزید کہا کہ جواسلام اورمسلمانوں کے دوست نہیں وہ مسلم حکمرانوں سے مخلص نہیں ہوسکتے۔مسلمان ملکوں کے درمیان دوریاں اورتلخیاں دنیا بھر کے مسلمانوں کوخونریزی کے سواکچھ نہیں دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی مصلحت پسندی نے کشمیر اورفلسطین کومسلمانوں کیلئے مقتل گاہ بنادیا۔ باری باری اسلامی ملکوں میں مہم جوئی مسلم حکمرانوں کوجھنجوڑنے کیلئے کافی ہے مگروہ گہری نیند سے بیدارہونے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر،فلسطین،بھارت اور شام میں صبح وشام مسلمانوں کا کشت وخون عالمی ضمیر کے کردارپرایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔ کاش مسلمانوں میں غدار نہ ہوتے تو دنیاکا کوئی کا فرملک فلسطین،جموں وکشمیر،برمااورشام میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی جسارت نہ کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگرمسلمان اورمسلم حکمران سچے دل سے متحدہوں تو قابل رشک ترقی کرسکتے ہیں ورنہ باری باری یہودوہنود کے عتاب اورانتقام کاسامناکر تے رہیں گے۔ مسلم حکمرانوں کے درمیان تناؤاورتصادم کاخمیازہ وہاں کے بیگناہ مسلمانوں کوبھگتناپڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے ہمیں اپنے مصیبت زدہ مسلمان بھائی بہنوں کی ہرطرح سے مددکرنے کادرس ملتا ہے۔