-,- پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والی مسلم لیگ(ن) ہی ریاست کو معاشی مسائل سے بھی نکالے گی-,-
* پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والی مسلم لیگ(ن) ہی ریاست کو معاشی مسائل سے بھی نکالے گی. پنجاب کی طرح پاکستان کی خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے. مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور ریاست پاکستان ا ور عوام ہیں.بہت جلد سارے ملک میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی.جس میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کو نظام حکومت کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں.رانا مشہود علی خان… مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ایم ایس ایف(ن) سندھ کے وفد سے ملاقات*
(جمعرات12 مئی 2022) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود علی خان نے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستان کے سیاسی منظر نامے سے تحریک انصاف کا نام ہمیشہ کے لئے غائب ہوجائے گا. عمران خان کو تاریخ میں ہتھیار ڈالنے والے جنرل نیازی کے پارٹ 2 کے طور پر یاد رکھا جائے گا. پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے عوام کی امیدیں میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ وابستہ ہیں. تاریخ کے بدترین فوجی اور سویلین آمروں کا مقابلہ کرنے والی مسلم لیگ(ن) سیاسی بونوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی. رانا مشہود علی خان نے صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ، صوبائی سینئر نائب صدر علی اکبر گجر کے ہمراہ گذشتہ روز مسلم لیگ(ن) سندھ ہاؤس کارساز میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن۔ن۔سندھ کے صدر اور کراچی کے صوبائی حلقے PS-102سے ن لیگ کے امیدواریاسر عدیل شیخ، جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی، کراچی ڈویژن کے صدر سردار سہیل کی قیادت میں ملنے والے وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کے نوجوانوں کی بے مثالی جدوجہد اور قیادت کے تحمل اور تدبر کا پھل خدا کی طرف سے ہمیں مل گیا ہے. عمرانی مارشل لا کے تاریک دور میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) کے نوجوانوں نے جس طرح پارٹی قیادت کا پیغام عوام تک پہنچایا وہ جمہوری تاریخ کا سنہرا باب ہے. مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ کی تجاویز کے جواب میں رانا مشہود علی خان نے کہا کہ لندن سے واپسی پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خدمت میں آپ کی تجاویز پیش کروں گا اور آپ کا وکیل بن کر میاں صاحب سے درخواست کروں گا کہ ملک بھر کے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی صدور کے ذریعے کی جائے، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کے اراکین کے لئے بلدیاتی، صوبائی و قومی اسمبلیوں میں نشستیں مخصوص کی جائیں تاکہ وہ نوجوان جو مالی مشکلات کی وجہ سے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے منتخب ایوانوں کا حصہ بن کر اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچا سکیں.یاسر عدیل شیخ کی یہ تجویز بھی جلد قانونی صورت اختیار کرے گی کہ ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے گورننگ بورڈز میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) اور مسلم لیگ(ن) کو بھی نمائندگی دی جائے. رانا مشہود علی خان نے ایم ایس ایف کے وفد کے ساتھ گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والی مسلم لیگ(ن) ہی ریاست کو معاشی مسائل سے بھی نکالے گی. پنجاب کی طرح پاکستان کی خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے. مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور ریاست پاکستان ا ور عوام ہیں.بہت جلد سارے ملک میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی جس میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کو نظام حکومت کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں.