۔،۔ انصاف اوراوصاف کے بغیر معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا: شوکت ورک۔،۔
۔،۔ انصاف اوراوصاف کے بغیر معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا: شوکت ورک۔،۔
* ہمارے تھانہ کلچر میں سائلین کوانصاف اچھی قسمت یاپھراچھی قیمت کی بنیاد پرملتا ہے*
دین فا ؤنڈیشن کے مرکزی چیئرمین اور ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ انصاف اوراوصاف کے بغیر کوئی معاشرہ زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتا۔انسان ناحق قید کے دوران قفس کی گھٹن برداشت کرسکتا ہے لیکن آزاد ہوتے ہوئے عزت نفس پربار بارحملے اسے باغی بنادیتے ہیں۔انصاف کے فروغ کیلئے تعلیمی نصاب سے مددلی جائے۔ جھوٹ، مجرمانہ سرگرمیوں اورناانصافی کیخلاف شعور بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔ روزمرہ کے معاملات میں انصاف سے کام لیاجائے۔ شہریوں کو مختلف محکموں میں اہم عہدوں پربراجمان فرعونوں کے ہاتھوں استحصال سے بچانے کیلئے قانون کی حکمرانی اورانصاف کی فراوانی یقینی بناناہوگی۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹرشوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ تعلیم توایک روشنی ہے جوحق وباطل کے درمیان فرق واضح کرتی ہے توپھر اعلیٰ سرکاری عہدیدار سچائی تک رسائی کے باوجود جھوٹ کاتابوت نابود کیوں نہیں کرتے۔مہذب معاشروں میں کوئی طاقتور انصاف کی راہ میں حائل نہیں ہوتا جبکہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں بااثر لوگ سرکاری محکموں کے مخصوص مردہ ضمیر آفیسرز کی مدد سے شریف شہریوں میں زندہ دیواروں میں گاڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عہدحاضر میں شہریوں کیخلاف جھوٹ کی بنیادپرمقدمات کااندراج غنڈوں کے راج کاغماز ہے۔پولیس حکام سیاسی دباؤپرمقدمات کے اندراج کیلئے مقررہ ایس او پی کاپوسٹ مارٹم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تھانہ کلچر میں سائلین کوانصاف اچھی قسمت یاپھراچھی قیمت کی بنیاد پرملتا ہے۔