۔،۔ جرمنی کے دارالخلافہ برلن میں ایک بار پھر چاقو سے حملہ 66 سالہ شدید زخمی۔ نذر حسین۔،۔
٭چالیس سالہ شخص سُپر مارکیٹ میں جاتا ہے، قینچی اور چاقو خریدتا ہے پھر آ کر حملہ کر کے چھیاسٹھ سالہ شخص کو شدید زخمی کر دیتا ہے، برلن میں ہی اس طرح کا واقعہ گذشتہ سال بھی پیش آیا تھا٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/برلن۔ مقامی پولیس رپورٹ کے مطابق برلن کی ایک سُپر مارکیٹ کے باہر ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے ایک چھیاسٹھ سال شخص کو شدید زخمی کر دیا جبکہ بائیس سالہ شخص حملہ سے بچ کر بھاگ گیا، رپورٹ کے مطابق (چالیس سالہ)سلو وینیا کا شہری برلن ایک سُپر مارکیٹ میں جاتا ہے وہاں سے ایک قینچی اور چاقو خرید کر باہر نکلتے ہی نامعلوم وجوعات کی بنا پر بائیس سالہ نوجوان پر چاقو سے حملہ کر دیتا ہے نوجوان حملہ آور سے بچ نکلتا ہے،جبکہ دوسرا شکار ایک چھیاسٹھ سالہ شخص تھا جو اس کے حملے سے بچ نہ سکا، حملہ آور نے اسے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی ہنگامی سرجری کی گئی، پولیس ترجمان کے مطابق زخمی شخص کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو کچھ ہی دیر بعد قریب سے ہی گرفتار کر لیا جو کے برلن میں ہی رہائش پذیر ہے۔ یہ واقعہ گذشتہ سال نئے سال کی شام کی یاد دلاتا ہے جب ایک بے گھر (شامی) شخص نے سُپر مارکیٹ سے دو چاقو خریدے، سپر مارکیٹ سے باہر نکلتے ہی (انہتر سالہ اور انیس سالہ) شخص پر حملہ کر دیا جس میں دونوں افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جبکہ اکتیس سالہ شامی شخص ابھی بھی ایک نفسیاتی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ہفتہ کے روز ہی میونخ میں بھی حملہ آور نے چاقو سے دو افراد کو زخمی کر دیا تھا جبکہ تیس سالہ حملہ آور کو قابو کرنے کے لئے پولیس نے گولی مار دی تھی جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔واضح رہے پبلک ٹرانسپورٹ۔شاپنگ سینٹر اور پبلک جگہوں پر نئے آرڈیننس کے مطابق چاقو یا اسلحہ رکھنے پر فروری سے پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ سُپر رینجرز کی رپورٹ کے مطابق ان تینوں زونز میں ابھی تک تقریباََ (نِوے) چاقو ضبط کئے جا چکے ہیں، (ایک سو چالیس جرائم) درج کئے گئے ہیں واضح رہے موقعہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے (دس ہزار یورو) تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔پولیس بیان کے مطابق اس میں مذہبی یا سیاسی محرک کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔