-,- پاکستان میں ٹیکس، کسٹمز اور ان سے متعلقہ امور کے حوالے سے عوام کی شکایات-عارف کسانہ -,-
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ /سٹاک ہوم -/نمائندہ خصوصی) پاکستان میں ٹیکس، کسٹمز اور ان سے متعلقہ امور کے حوالے سے عوام کی شکایات کی داد رسی کے لئے وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ بہت فعال کردار ادا کررہا ہے۔ موجودہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف جاہ کی تقرری کے چار مکمّل ہوگئے ہیں اور وہ نئے ٹیکس محتسب کے آنے تک اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر آصف جاہ نے وفاقی ٹیکس محتسب کی حیثیت سے بہت شاندار خدمات سرانجام دی ہیں جس کا ثبوت ادارہ کی جانب سے سالانہ کار کردگی رپورٹس ہیں۔ اس کا اندازہ اس سے لگا سکتے ہیں کہ ٹیکس محتسب کے ادارے نے اکیس سال میں 37 ہزار درخواستوں کے فیصلے کئے جبکہ ڈاکٹر آصف جاہ نے اپنے چار سال میں 58 ہزار درخواستوں پر فیصلے صادر کئے۔ یہ بہت بڑا فرق ہے اور مزید یہ کہ درخواست کے فیصلہ کا اوسط وقت چونتیس دن ہے جو پاکستان ہی نہیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان کا ادارہ دنیا کے دس بہترین محتسب کے اداروں میں شامل ہے۔ اس ادارہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کروانے میں خصوصی دلچسپی لی اور بیرون ملک اعزازی مشیر تعینات کئے۔ اس ادارہ کے لیگل ایڈوائزر جناب الماس جوندہ کی خدمات بھی قابل صد تحسین ہیں۔ قانونی مشاورت کے ساتھ میڈیا اور بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل حل کروانے میں انہوں نے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ محتسب کی ڈائری کے عنوان سے ڈاکٹر آصف جاہ کی کتاب بھی شائع ہورہی ہے جس میں جہاں ایک طرف انہوں نے ادارہ کی کارکردگی پیش کی ہے تو دوسری طرچ اپنے آپ کو احتساب کے لئے بھی پیش کیا ہے۔ نوجوانوں کے لئے ادارہ کی جانب سے تربیتی پروگرام اور یوتھ ایمبیسڈر تعینات کئا جانا بھی مستحسن اقدامات ہیں۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی ان کے شکرگزار ہیں کہ انہیں نے اسلام آباد میں سویڈش سفارت خانہ کی بندش کا معاملے پر وزارت خارجہ کو احکامات جاری کئے جو سفارت خانہ کے دوبارہ کھلنے میں دیگر عوامل کے ساتھ شمار کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر آصف جاہ نے انسانی خدمات کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ تھر کے صحرا میں پینے کے پانی سہولیات اور مستحق مریضوں کا مفت علاج بھی کرتے ہیں۔ وہ بہت اچھے لکھاری ہیں اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔وفاقی ٹیکس محتسب کا سالانہ رپورٹ جناب محمد صدیق سابق مشیر وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان نے اپنے دورہ سویڈن کے دوران فن لینڈ اور سویڈن کے لئے پاکستان کے سفیر جناب بلال حئی کو راقم بحیثیت اعزازی مشیر کے ہمراہ سفارت خانہ میں پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ جناب محمد صدیق نے اپنے دورہ سویڈن کے دوران وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ سولنا کی مئیر سارا کوکا سلام اور دیگر اہم اداروں کو پیش کیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف جاہ نے سٹاک ہوم سٹڈی سرکل کی ایک نشست کے لئے خصوصی ویڈیو پیغام بھیجا جس میں انہوں نے قرآن فہمی کی کوشس کو بہت سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دن کا آغاز دفتر میں قرآن حکیم کی تلاوت اور ترجمہ و تشریح سے کرتے چلے آئے ہیں۔ قرآن سے ہمارا تعلق اپنے خالق کے ساتھ قائم ہوتا ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن حکیم کے ساتھ وابستگی اختیار کریں۔ ڈاکٹر آصف جاہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے میں اچھی روایات چھوڑ کر جارہے ہیں جو نئے آنے والوں کے لئے مشعل راہ ہوں گی۔