
-,-پاکستان جرمن سوسائٹی ہیمبرگ کے زیر اہتمام پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا-فرید شاہ-,-
* پاکستان جرمن سوسائٹی ہیمبرگ کے زیر اہتمام پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جذبے، جوش و خروش اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں جرمنی کے مختلف شہروں اور علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد، معزز مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی*
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ /ہیمبرگ نمائندہ خصوصی، فرید شاہ-: پاکستان جرمن سوسائٹی ہیمبرگ کے زیر اہتمام پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جذبے، جوش و خروش اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں جرمنی کے مختلف شہروں اور علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد، معزز مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے خصوصی مہمانوں میں برلن سے سفیرِ پاکستان سیدہ ثقلین، فرسٹ سیکریٹری علی شاہد، پریس کونسلر ڈاکٹر سہیل آفتاب اور سفارتخانے کے دیگر افسران و اہلکار شامل تھے۔ مسلم لیگ (ن) جرمنی کے جنرل سیکریٹری محمد عنصر بٹ نے بھی خصوصی طور پر برلن سے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض سیاسی و سماجی شخصیت فرید شاہ نے احسن انداز میں انجام دیے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری سعد نے حاصل کی، جبکہ رانا عامر محمود نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے محفل کو روحانی کیفیت سے منور کردیا۔اسلامک سینٹر ہیمبرگ کے صدر غضنفر نے اپنے خطاب میں تقریب کے مقاصد اور یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت، روایات اور قومی اقدار سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔پاکستان جرمن سوسائٹی ہیمبرگ کے صدر جہانگیر سلیم نے استقبالیہ خطاب میں تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے کوآرڈینیٹر رانا جاوید نے شرکاء کو پاکستان جرمن سوسائٹی کی خدمات، سرگرمیوں، اغراض و مقاصد اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے سوسائٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری رانا عامر محمود نے تقریب کے پس منظر، تیاریوں اور پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں ہیمبرگ کی معروف مذہبی، سیاسی اور ادبی شخصیت طاہرہ رباب اور ہیمبرگ پارلیمنٹ کے رکن ملک گلفام سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔ جرمنی کے دور دراز علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد، جس میں مذہبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات شامل تھیں، نے شرکت کرکے قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا شاندار مظاہرہ کیا۔جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی ثقافت کے حوالے سے ایک معلوماتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے ثقافتی ورثے، روایات اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ڈاکومنٹری سے بچوں، نوجوانوں اور دیگر شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا اور پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔سفیرِ پاکستان سیدہ ثقلین نے اپنے پیغام میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کو ہمیشہ جوش و ولولے کے ساتھ منایا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل کے دلوں میں پاکستان سے محبت اور وابستگی مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع پر پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی تشخص کو اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت، زندگی، اصولوں اور تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قائداعظم کا پیغام اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کی تواضع لذیذ اور روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی، جس نے تقریب کی رونق کو مزید دوبالا کردیا۔پاکستان جرمن سوسائٹی ہیمبرگ اور اسلامک سینٹر ہیمبرگ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس پروقار تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، رضاکاروں، معزز مہمانوں اور تمام شرکاء کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ تقریب مجموعی طور پر پاکستانی قومی یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوئی۔











