0

-,-سویڈن میں عارف کسانہ کی خدمات -محمد صدیق سابق مشیر وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان-,-

0Shares

-,-سویڈن میں عارف کسانہ کی خدمات -محمد صدیق سابق مشیر وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان-,-

جناب عارف محمود کسانہ سے میرا پہلا تعارف کئی برس پہلے ان کے یوٹیوب چینل پر سویڈن کے حوالے سے معلوماتی ویڈیوز دیکھنے سے ہوا۔ اس کے بعد نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد سے شائع شدہ بچوں کیلئے اسلامی معلومات پر مبنی ان کی دو کتابیں نظر سے گزریں، جن میں دین اسلام اور حسن معاشرت کے بارے میں دلچسپ کہانیوں کی صورت میں بچوں کی طرف سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے گئے ہیں۔ یہ دونوں کتابیں بچوں کے ادب کے حوالے سے بے حد مقبول ہوئیں۔ جن کا دنیا کی تمام معروف زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر ان کتابوں کے انگریزی، پنجابی، فارسی اور سویڈش زبانوں میں کئے گئے تراجم دیکھنے اور پڑھنے کا موقع ملا جو بے حد عمدہ ہیں۔ یہ مسلمان بچوں کو اسلامی تاریخ اور مذہبی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ایک شاندار کاوش ہے۔ سال 2022ء میں عید الفطر کے موقع پر سٹاک ہوم میں نماز عید کے ایک اجتماع میں ان سے بالمشافہ ملاقات ہوئی تو انہیں بے حد ملنسار، مخلص، شائستہ اور محب وطن پاکستانی پایا۔ کچھ روز بعد ان کی ہائش گاہ پر قرآن فہمی اور اقبال شناسی کی ایک نشست میں حاضر ہونے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ وہ سٹاک ہوم سٹڈی سرکل کے منتظم اور اقبال اکیڈیمی اسکینڈے نیویا کے صدر بھی ہیں۔ جو ان کی فکر اقبال سے محبت اور سویڈن میں مقیم اپنے ہم وطنوں کیلئے کچھ کر گزرنے کی شدید خواہش کی مظہر ہے۔ وہ سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں بے حد دلچسپی لیتے ہیں اور اخوت سویڈن کے صدر کی جیسے حیثیت سے پاکستان کیلئے قابل قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اُن کی ان خدمات کو حکومت پاکستان نے بھی سراہا ہے اور صدر پاکستان انہیں اسلام آباد میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں اُن کو میڈل آف ایکسیلنس عطا کرچکے ہیں۔ اُن کی انہی خدمات کے پیش نظر پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے انہیں سویڈن کیلئے اپنا اعزازی مشیر مقرر کیا ہے تاکہ وہ اسکینڈے نیویا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے پاکستان سے متعلقہ کسٹمز اور ٹیکس کے معاملات اور مسائل حل کروانے میں معاون ہوں۔ اس سلسلے میں اگست 2023ء میں بطور اعزازی مشیر وفاقی ٹیکس محتسب، عارف کسانہ صاحب نے سٹاک ہوم میں عوامی آگہی سیمنار برائے وفاقی ٹیکس محتسب کی ایک شاندار تقریب منعقد کی۔ جس میں سٹاک ہوم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ اس تقریب کو الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بڑی پذیرائی ملی اور وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی اس شاندار تقریب کے انعقاد پر کسانہ صاحب کو مبار کباد دی۔ مجھے بھی وفاقی ٹیکس محتسب کے نمائندے کے طور پر شرکت کرنے کا موقع ملا۔ صدر پاکستان کو سال 2023ء کی پیش کردہ سالانہ کار کردگی کی رپورٹ میں اس سیمنار کا خصوصی طور پر نمایاں تذکرہ کیا گیا۔ حال ہی میں وطن ثانی کے نام سے عارف محمود کسانہ کی تازہ کتاب نیشنل بک فاؤنڈیشن نے شائع کی ہے جو سویڈن کے بارے میں ان کے مشاہدات اور تجربات پر مبنی ان کی خوبصورت اور دل پذیر تحریروں پر مشتمل ہے۔ اس سے قارئین کو سویڈن کے نظام حکومت۔ بنیادی اقدار اور طرز معاشرت کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی۔ یہ کتاب اردو زبان میں سویڈن کو متعارف کرانے کی شاندار کاوش ہے میں ڈاکٹر عارف محمود کسانہ صاحب کو ان کی فلاحی، سماجی، علمی اور تخلیقی سرگرمیوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی کے لئے مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہوں۔

Arif Mahmood Kasana

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں