۔،۔ بروز ہفتہ جامع مسجد صوفیا میونخ میں سالانہ عظیم الشان جشن عید میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ نذر حسین۔،۔
٭ جامع مسجد صوفیا میونخ میں سالانہ عظیم الشان جشن عید میلاد النبیﷺ کا انعقاد زیر سرپرستی سرمایہ اہل سنت علامہ مولانا حافظ محمد اشرف قادری کیا گیا،حافظ الحاج قاری محمد صدیق خطیب مسجد کی زیر صدارت سالانہ عظیم الشان جشن عید میلاد النبیﷺ منایا گیا جبکہ حضرت علامہ محمد عدنان القادری حفظہ اللہ جن کا تعلق جامعہ جنیدیہ غفوریہ پشاور پاکستان سے ہے کا خصوصی خطاب تھا۔مبلغ دعوت اسلامی قاری محمد روُف عطاری نے بردہ شریف سنائی اور ایوارڈ یافتہ مقابلہ حسن قرآت یورپ قاری ابتسام علی نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/میونخ۔ خاتم المرسلین، شفیع المزنبین اور رحمتہ اللعالمین جن پر فرشتے جن و انس یہاں تک کہ خود خالق کائنات درود و سلام بھیجتے ہیں، نگاہ عشق و مستی میں وہ کبھی مدثر و مزمل اور کبھی یسین وطہ ٹھہرا اس کی آمد کا مہینہ شروع ہوتے ہی پوری دنیا کی مساجد، کائنات کا گوشہ گوشہ وفور شوق سے غرق آب تاب ہو جاتا ہے،کلیاں مسکرانے لگتی ہیں گل لالہ کا بانکپن جوش شباب پا جاتا ہے،گلزار و بہار اُٹھتی جوانی کے آنگن میں محو رقص و خرام نظر آتی ہے،قصر شیرواں کے کنگرے گرتے چلے گئے، محلات زمین بوس ہوئے پھر کیوں نہ ہم بھی میلاد مصطفی کی محفلیں سجائیں اسی کڑی کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انتظامیہ جامع مسجد صوفیہ میونخ نے بھی ایک عظیم الشان پروقار سالانا مجلس کا اہتمام کیا جس کا سہرا خصوصی طور پر عاشق رسول حضرت محمد ﷺ خوشحال خان کے سر سجایا جاتا ہے۔محفل کی نقابت کے فرائض صوفیہ مسجد میونخ(مسجد ھذا) کے خطیب حافظ الحاج قاری محمد صدیق نے بڑے احسن طریقہ سے سرانجام دیئے۔ میلاد مصطفی کی مبارک محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کا اعزاز ایوارڈ یافتہ مقابلہ حسن قرآت یورپ قاری ابتسام علی کو ملا جن کا تعلق جرمنی کے شہر (اُلم) سے ہے۔ نعروں کی گونج میں چوہدری احسن تارڑ، محمد اقبال خان، تنویر بٹ اور حافظ احمد نے نعتیہ کلام پیش کر کے خوب داد حاصل کی۔مبلغ دعوت اسلامی قاری محمد روُف عطاری نے بردہ شریف سنا کر حاضرین محفل سے خوب داد حاصل کی۔ نیورنبرگ سے تشریف لانے والے عامر کے بچوں نے دعوت فکر دینے کے لئے جرمن زبان اور اُردو میں پیغامات دیئے دونوں بچوں کو جرمن اور اُردو زبان پر پورا عبور حاصل تھا ان کی باتیں یقیناََ نوجوانوں کے سینے میں ہلچل مچانے کے لئے کافی تھیں۔اس خوبصورت محفل میلاد کو اور بھی نورانی بنانے کے لئے حضرت علامہ محمد عدنان القادری حفظہ اللہ جن کا تعلق جامعہ جنیدیہ غفوریہ پشاور پاکستان سے ہے نے میلاد مصطفی و سیرت مصطفی پر مکمل اور تفصیلی بیان فرمایا جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہود و نثار اپنی غیر اخلاقی اور غیر مذہبی مثالوں سے باز آ جائیں، اگر ایسا نہ ہوا تو پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے، جبکہ سیرت نبویﷺ اور میلاد مصطفی پر نعروں کی گونج میں تفصیلی خطاب فرمایا، خوشحال خان نے جرمنی کے دور دراز علاقوں سے تشریف لانے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا خصوصی طور پر نیورن برگ سے حاجی نذیر اور احسن تارڑ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جو قافلے کی صورت میں محفل کی رونق بنے جبکہ انہوں نے انتظامیہ مسجد صوفیہ کو بھی سراہا تقریب کے اختتام پر تشریف لانے والے مہمانوں کی تواضع لذیز پاکستانی کھانوں یا یوں کہیئے کہ لنگر حسینی سے کی گئی۔